ٹھٹھہ،بااثر افراد نے مخدوم محمد عیسیٰ کے قبرستان میں موجود قبریں مسمار کرکے باقیات دوسری جگہ دفنا کر نیا قبرستان قائم کردیا

بدھ 22 مارچ 2017 17:35

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) ٹھٹھہ کے قریب گجو کے مقام پر دوسو سالہ قدیم بزرگ مخدوم محمد عیسیٰ کے قبرستان میں موجود قبریں مسمار کرکے با اثر افراد نے باقیات جمع کرکے دوسری جگہ دفنا کر نیا قبرستان قائم کردیا۔درگاہ مخدوم محمد عیسیٰ کی 21 ایکڑ اراضی پر ڈسٹرکٹ کونسل ٹھٹھہ کے چیئرمین اور سینیٹر سسی پلیجو کے والد غلام قادر پلیجو کے بہنوئی غلام نبی پلیجو ملوث ہیں۔

اس سلسلے میں درگاہ مخدوم عیسیٰ کے گدی نشیں نظیر احمد پلیجو نے بدھ کے روز این این آئی کو بتایا کہ مذکورہ درگاہ اور قبرستان دو سو سال پرانا ہے کچھ عرصہ قبل بھی سابق رکن سندھ اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے رہنما جو اس وقت ڈسٹرکٹ کونسل ٹھٹھہ کے چیئرمین بھی ہیں ان کے ایما پر ان کے بہنوئی غلام نبی پلیجو نے قبرستان کے وسیع اراضی کو بلڈوز کرکے قبضہ کرلیا تھا اور وہاں پر موجود قبروں کو بھی مسمار کردیا تھا جس پر گاؤں والوں نے شدید احتجاج بھی کیا تھا جس کے بعد مزید قبضہ کرنے کا عمل رک گیا تھا مگر اب ایک بار پھر غلام نبی پلیجو نے درگاہ مخدوم عیسیٰ کی 21 ایکڑ زمین پر قبضہ جمانا شروع کردیا ہے اور ایک منظم شازش کے تحت جعلی گدی نشیں کو کھڑا کرکے ہمارے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے اور یہ سب کچھ پیپلز پارٹی کے رہنما ڈسٹرکٹ کونسل ٹھٹھہ کے چیئرمین غلام قادر پلیجو کے ایما کیا جارہا ہے جس کے درگاہ کے قریب اپنی زمین بھی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر اعظم پاکستان سمیت حکومت سندھ سے اپیل کی کہ سندھ کی اس قدیم اور تاریخی درگاہ اور قبرستان کو بچایا جائے اور با اثر قبضہ گیروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔درگاہ کے گدی نشیں نظیر احمد پلیجو نے کہا کہ نیب سندھ غلام قادر کے خلاف کرپشن کی تحقیقات بھی کر رہا ہے اور اسلسلے میں تمام دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ ہم نے نیب سندھ سے بھی رابطہ کیا ہے۔