کراچی ، مردم شماری کے عملے کو دیکھ کرعمارت کی پہلی منزل سے چھلانگ لگانے والا شخص جاں بحق

کلیم نامی شخص ٹرانسپورٹ کا کاروبار کرتا تھا ،کاروبار میں خسارے کا سامنا تھا،توازن برقرار نہ رہنے کی وجہ سے گرگیا ،پولیس

بدھ 22 مارچ 2017 17:35

کراچی ، مردم شماری کے عملے کو دیکھ کرعمارت کی پہلی منزل سے چھلانگ لگانے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) شہر قائد میں مردم شماری کے عملے کو دیکھ کر ایک شخص نے عمارت کی پہلی منزل سے چھلانگ لگادی، جو بعدازاں اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے نیو کراچی سیکٹر 5 میں بلال کالونی تھانے کی حدود میں جب مردم شماری کی ٹیم پہنچی تو 35 سالہ کلیم حسین نامی شخص نے عملے کو دیکھ کر پہلی منزل سے چھلانگ لگادی۔

پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کرکے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی نہ تاب لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق کلیم نامی شخص ٹرانسپورٹ کا کاروبار کرتا تھا اور اسے کاروبار میں خسارے کا سامنا تھا جبکہ کلیم نے گزشتہ چند روز قبل دوسری شادی بھی کرلی تھی جس کی وجہ سے گھریلو تنازعات بھی چل رہے تھے اور قرض خواہ بھی اپنی رقم کی وصولی کے لیے مسلسل دبائو ڈال رہے تھے۔

(جاری ہے)

مرحوم کے ایک عزیز نے پولیس کو بتایا کہ کلیم قرض خواہوں سے پریشان تھا اور بدھ کی صبح سے قرض خواہ گھر کے دروازے پر کھڑے رقم کی وصولی کے لیے پولیس کو لانے کی دھمکی دے رہے تھے، کچھ ہی دیر میں مردم شماری کی ٹیم پہنچ گئی اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو دیکھ کر کلیم خوفزدہ ہوگیا اور کھڑکی سے باہر کی جانب لٹک گیا، لیکن توازن برقرار نہ رہنے کے باعث گر گیا اور جان سے گیا۔