جی ٹی روڈ این فائیو نارتھ زون اور مری ایکسپریس وے سے تجاوزات کا خاتمہ کرینگے،عباس احسن

تجاوزات کے خاتمہ کیلئے چار مراحل پر مشتمل انسدادِ تجاوزات پلان جاری کر دیا ہے ، ڈی آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس این فائیو نارتھ زون

بدھ 22 مارچ 2017 17:32

جی ٹی روڈ این فائیو نارتھ زون اور مری ایکسپریس وے سے تجاوزات کا خاتمہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس این فائیو نارتھ زون جی ٹی روڈ پر جو کہ پشاور تا لاہور اور مری ایکسپریس وے پر محیط ہے سے سڑک پر بنائی گئی تجاوزات کا خاتمہ کریگی۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی این فائیو نارتھ زون عباس احسن نے کہا کہ جی ٹی روڈ سے تجاوزات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے جو کہ حادثات کا باعث بنتی ہیں اور اس کیلئے چار مراحل پر مشتمل انسدادِ تجاوزات پلان جاری کر دیا ہے جس کے دو مراحل مکمل ہو چکے ہیں۔

ڈی آئی جی نارتھ زون عباس احسن نے مزید بتایا کہ پہلے مرحلے میں جو کہ27 فروری تا 5مارچ2017 تک تھا کے دوران جی ٹی روڈ پر قا ئم تجاوزات کی نشاندہی مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ یونین کونسلز کے ممبران، میونسپل کارپوریشنز کے افسران ، مقامی انتظامیہ ، وکلاء، تاجر برادری اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ تجاوزات کو دور کرنے کیلئے میٹنگز کی گئیں جبکہ دوسرے مرحلہ جو 6 مارچ تا19 مارچ 2017 دو ہفتوں کے دورانیہ پر مشتمل تھا کے دوران تجاوزات بنانے والوں اور عوام الناس کے اندر تجاوزات اور ان سے ہونے واے حادثات و نقصانات سے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے تمام افسران نے بریفنگ، لیکچرز اور خصوسی معلوماتی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی نارتھ نے بتایا کہ جی ٹی روڈ سے انسدادِ تجاوزات کے ایک ہفتہ پر محیط تیسرے مرحلے کا آگاز 20 مارچ 2017سے شروع ہو چکا ہے جس کے دوران تمام متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ایک جامع لائحہ عمل ترتیب دیا جائیگا جبکہ چوتھے اور آخری مرحلے کا آغاز 27مارچ سے ہو گا جس میں نا جائز تجاوزات کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی اور اس سلسلے میں این ایچ اے ، لوکل پولیس ، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کا تعاون شاملِ حال رہے گا۔

ڈی آئی جی عباس احسن نے آخر میں جی ٹی روڈ پر تجاوزات بنانے والوں کو مطلع کیا کہ وہ تجاوزات کو رضا کارانہ طور پر ختم کر دیںاور اس کارِ خیر میں موٹروے پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ قومی شاہراہ کو سفر کیلئے محفوظ بنایا جا سکے۔