جرما ہاؤسنگ سکیم سے مقامی آبادی کو معیار ی اور سستی رہائش مہیا ہوگی ، امتیاز شاہد قریشی

پی ٹی آئی حکومت ہاؤسنگ کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ،ساڑھے 3سال میں بڑے رہائشی منصوبے شروع کئے ، وزیر قانون خیبرپختونخوا

بدھ 22 مارچ 2017 17:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امورامتیاز شاہد قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت ہاؤسنگ کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور گزشتہ ساڑھے 3سال کے دوران بڑے بڑے رہائشی منصوبے شروع کردیئے ہیں جس کا تمام تر سہرا معاون خصوصی ڈاکٹر امجد علی کے سر ہیں جن کی ذاتی کاوشوں سے یہ ممکن ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جرما ہاؤسنگ سکیم سے مقامی آبادی کو معیار ی اور سستی رہائش مہیا ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کوہاٹ میں 300کنال پر محیط جدید سہولیات سے آراستہ جرما ہاؤسنگ سکیم کے ملکیتی کاغذات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجدعلی خان مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ ضیاء اللہ بنگش ایم پی اے، سیکرٹری ہاؤسنگ وقارالحسن ،ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے اور دوسرے متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر قانون نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تعلیم، صحت اور پولیس سمیت ہر شعبے میں نمایا ں اصلاحات کئے ہیں جس کاہر کوئی معترف ہے۔انہوں نے کہا کہ مخالفین پی ٹی آئی کی کارکردگی اورپارٹی قائد عمران خان کی روز بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف ہیں اس لئے وہ حکومت کو بدنام کرنے کے درپے ہیں انہوں نے مخالفین پر واضح کیا کہ سیاسی اتحادوں سے کوئی پی ٹی آئی کو ہرا نہیں سکتا۔

امتیاز قریشی نے کہا کہ عوام بہترین جج ہیں اور وہ 2018ء کے انتخابات میںبہترین کارکردگی پر پی ٹی آئی کو دوبارہ برسراقتدار لاکراپنا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نیک نیتی سے اپناکام کررہے ہیں اور عمران خان کی وژن کے مطابق ترقی کا یہ سفرجاری رہے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ غریب لوگوں کی خدمت کرنا ان کے مخالفین پرناگوارگزررہی ہے اس لئے وہ عوام کو گمراہ کرنے کے لئے منفی پروپیگنڈے کررہے ہیں لیکن باشعور عوام انہیں اچھی طرح جانتے ہیں۔