سپیکر خیبر پختونخوا پر الزامات لگانا ایک سازش ہے،شاہد قریشی ایڈووکیٹ

اسد قیصر انتہائی ایماندار سیاستدان ہیں،مخالفین بدنام کرکے پاکستان تحریک انصاف کی بڑھتی مقبولیت کو روکنا چاہتے ہیں، وزیر قانون خیبرپختونخوا

بدھ 22 مارچ 2017 17:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امورامتیاز شاہد قریشی ایڈوکیٹ نے سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر کے خلاف الزامات کو ایک سازش قرار دیتے ہوئے اقدام کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بے بنیاد الزام تراشی پر قانونی کاروائی کی جائے گی۔امتیاز شاہد قریشی نے کہا کہ اسد قیصر ایک انتہائی ایماندار سیاست دان ہیںجنہیں مخالفین بدنام کرکے پاکستان تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو روکنا چاہتے ہیںمگر مخالفین اپنے پروپیگنڈوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کررہی ہے جو مخالفین سے ہضم نہیں ہو رہی اس لئے وہ بے بنیاد اور منفی الزامات لگانے لگے ہیں۔بدھ کے روز پشاور اپنے دفتر میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاسی بصیرت اور صوبائی حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو ایسے ہتھکنڈوںسے نہیں چھپایا جا سکتا اور عوام خود اچھے بُرے کی تمیز رکھتے ہیں انہیں معلوم ہے کہ کو ن مخلص ہے۔انہوں نے کہا کہ سپیکر صوبائی اسمبلی پر لگائے جانے والے الزامات کے حوالے سے قانونی مشاورت جاری ہے اور آخری حد تک قانونی جنگ لڑی جائے گی۔