پاکستان میں عالمی مقابلوں کا رجحان تیزی سے فروغ پا رہا ہے ، گورنر سندھ

عالمی کھلاڑیوں کی شرکت عوام کیلئے خوش آئند ہے ، ریسلنگ کھیل کے فروغ کیلئے اقدامات کرینگے ، محمد زبیر

بدھ 22 مارچ 2017 17:28

پاکستان میں عالمی مقابلوں کا رجحان تیزی سے فروغ پا رہا ہے ، گورنر سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کے قیام کے بعد عالمی مقابلوں کا رجحان تیزی سے فروغ پا رہا ہے ، عالمی کھلاڑیوں کی کھیلوں میں شرکت عوام کے لئے خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا سمیت پاکستان میں بھی ریسلنگ مقبول کھیل ہے جہاں اس کھیل کے بہت زیادہ شائقین ہیں ، ریسلنگ کے فروغ کے لئے عالمی کھلاڑیوں کی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت اقدامات اٹھائے گی تاکہ عوام کو ان کے پسندیدہ کھیل سے محظوظ کیا جاسکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں پروفیشنل ریسلنگ انٹرٹینمینٹ (PWE)کے وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد میں چار عالمی ریسلر برطانیہ کے ٹونی آئرنTony Iron،امریکہ کے فلیش گورڈن. Flash Gordon الجزائر کے یٰسین عثمانی Yaseen Usmani اور پاکستانی نژاد فرانسیسی ریسلر بادشاہ خان Badshah Khan شامل تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ملک اور خصوصا صوبہ میں ریسلنگ کے فروغ کیلئے اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ریسلنگ کھیل کو پاکستانی عوام بہت شوق سے دیکھتی ہے عالمی سطح پر ہونے والے مقابلوں کو لوگ محلوں اور گلیوں میں بڑی بڑی اسکرینیں لگا کر بھی دیکھتے ہیں جس سے اس کھیل سے شغف کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی معیار کے کھلاڑیوں کا پاکستان آنا دراصل اس کھیل کے کھلاڑیوں اور شائقین کی ہمت بڑھانا اور حوصلہ افزائی کرنے میں بے حد معاون ثابت ہو گا ۔اس موقع پر منتظمین نے گورنر سندھ کو مئی میں مجوزہ ریسلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کی دعوت بھی دی ۔ اس موقع پر معروف صنعت کار مرزا اختیار بیگ بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :