ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی کے عملے کی غفلت نے جوان آدمی کی جان لے لی

بدھ 22 مارچ 2017 17:20

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی کے عملے کی غفلت نے جوان آدمی کی جان لے لی ۔ تفصیلات کے مطابق کھوئیرٹہ کاسکونتی ابرار ولد لطیف پہلوان کوٹلی میں حجام کا کام کرتا تھا ۔ بدھ کے روز صبح چار بجے اسے سینے میں درد محسوس ہوا ۔ وہ مارکیٹ کے چوکیدار کی ہمراہی میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچا ۔

مگر وہاں موجود عملہ نے اسکی ای سی جی وغیرہ کرنے اور توجہ دینے کی بجائے ٹال مٹول سے کام لیتے ہوئے چند ادویات کی پرچی تھماکر واپس بھیج دیا۔

(جاری ہے)

حالانکہ اس نے عملے کو بتایا بھی کہ اسے دل کے مقام پر شدید درد ہے ۔ ابرار نے بازار سے ادویات خریدیں اور واپس کمرے میں چلا گیا ۔ آٹھ بجے صبح وہ دوکان پر بیٹھا تھا جب بے ہوش ہو کر گرا اور اس کے ناک سے خون جاری ہو گیا ۔ دوکانداروں نے پولیس کو کال کیا اور اسے ہسپتال لے گے ۔ ہسپتال جا کر انکشاف ہوا کہ ابرار ہارٹ اٹیک کے باعث فوت ہو چکا ہے ۔ انتظامیہ اور پولیس نے ضروری قانونی کاروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ہے ۔ ابرار کی نماز جنازہ درس شریف میں ادا کی گئی ۔ بعد ازاں اس کی میت آبائی گاؤں سیری کھوئیرٹہ روانہ کر دی گئی ۔