صدر آزاد کشمیر سردار مسعود سے چیئرمین ریڈ کریسنٹ برانچ آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر سردار محمود احمد خان کی ملاقات

آزاد کشمیر میں ریڈ کریسنٹ کے معاملات ، کنٹرول لائن پر بھارتی گولہ باری کے متاثرین کی فوری طبی امداد اور قدرتی آفات کے متاثرین کی مدد اور بحالی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

بدھ 22 مارچ 2017 17:13

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مارچ2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے چیئرمین ریڈ کریسنٹ برانچ آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر سردار محمود احمد خان کی ملاقات ، آزاد کشمیر میں ریڈ کریسنٹ کے معاملات ، کنٹرول لائن پر بھارتی گولہ باری کے متاثرین کی فوری طبی امداد اور قدرتی آفات کے متاثرین کی مدد اور بحالی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

صدر آزاد کشمیر نے چیئرمین ریڈ کریسنٹ آزاد کشمیر کا چارج سنبھالنے پر ڈاکٹر محمود احمد خان کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ان سے جو توقعات وابستہ کی گئی ہیں وہ ان پر پورا اتریں گے ۔ صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ ریڈ کریسنٹ خدمت انسانیت کے حوالے سے دنیا بھر میں کام کرنے والی واحد تنظیم ہے ۔

(جاری ہے)

جوحالت جنگ اور امن دونوں صورتوں میں انسانیت کی خدمت کا فریضہ انجام دیتی ہے۔

جنگ میں زخمیوں کو فوری طبی امداد اور امن کی حالت میں قدرتی آفات سے متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے کردار ادا کرتی ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد خطہ پہاڑی ہونے کی وجہ سے یہاں لینڈ سلائیڈنگ سیلاب زلزلے کی صورت میں قدرتی آفات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ جبکہ طویل ترین لائن آف کنٹرول ہونے کے باعث شہری آبادی کو بلا اشتعال بھارتی گولہ بھارتی کا خطرہ ہمہ وقت لاحق رہتا ہے ۔

اس سال میں کنٹرول لائن پر بھارتی گولہ باری سے درجنوں افراد شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔ املاک تباہ کی گئیں مال مویشی ہلاک ہوئے اور فصلیں اجڑ گئیں۔ اس صورتحال میں ریڈ کریسنٹ کو آگے بڑھ کر اپنے منشور کے مطابق کام کرنا چاہیے ۔ لیکن گزشتہ عرصے میں تنظیم غیر فعال رہی ۔ اور اسے سیاست کا شکار بنایا گیا ۔ آئندہ ایسا نہیں ہو گا۔ ریڈ کریسنٹ آزاد کشمیر برانچ پیشہ وارانہ انداز میں کام کرے گی اور اس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے پاک رکھا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ فلاحی سرگرمیوں کے لیے حکومت آزاد کشمیر ریڈ کریسنٹ برانچ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی ۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ ایسے اداروں کو غیر ملکی امداد کے ذریعے چلایا جاتا ہے ۔ اس لیے اس کا نظم و نسق مثالی ہو اور پیشہ وارانہ کام کیا جائے ۔ صدر آزاد کشمیر نے چیئرمین ریڈ کریسنٹ کو ہدایت کی کہ وہ کنٹرول لائن پر ملحقہ علاقوں کا خود دورہ کر کے متاثرین کے حالات کا جائزہ لیں ۔

اور انہیں ہر ممکن امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ تنظیم کے کنٹرول لائن سے ملحقہ علاقوں میں دفاتر قائم کئے جائیں تاکہ متاثرین کے درست اعداد و شمار اور ان کی ضروریات کے حوالے سے تخمینہ مرتب کیا جا سکے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمود احمد نے صدر آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے ۔ وہ اس پر پورا اتریں گے اور ریڈکریسنٹ برانچ کو عوامی خدمت کا ادارہ بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :