وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے ملاقات

ریلوے کے ترقیاتی بجٹ میں شامل کئے جانے والے اور جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال

بدھ 22 مارچ 2017 17:05

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بدھ کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آنے والے ترقیاتی بجٹ میں شامل کئے جانے والے اور جاری ریلوے منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔ دونوں وزراء نے سی پیک میں شامل ریلوے کے منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر وزارت منصوبہ بندی اور ریلوے حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا کہ ریلوے ہماری معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، معیشت کی مضبوطی اور ذرائع مواصلات و رسل و رسائل میں بہتری لانے کیلئے ریلوے نظام کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے اور ریلوے حکام کی جانب سے ریلوے کی بحالی اور کارکردگی بہتر بنانے کیلئے کی جانے والی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ ٹھوس منصوبہ بندی، اقدامات، مسلسل کاوشوں کی بدولت پاکستان کا ریلوے نظام بحال اور منافع بخش ہو رہا ہے، ہم اپنے وسائل اور سی پیک میں شامل منصوبوں کی بدولت پاکستان میں عالمی معیار کا ریلوے کا نظام قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اسلام آباد ایئر پورٹ جیسے سفید ہاتھی کو بھی تکمیل کیلئے اختتامی مراحل میں داخل کر دیا ہے، موجودہ حکومت جب اقتدار میں آئی تو نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کا منصوبہ بظاہر ناقابل عمل دکھائی دے رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 2013ء تک نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کیلئے پانی اور بجلی جیسی بنیادی ضروریات تک موجود نہ تھیں، آج الله کے فضل اور حکومت کی بہتر منصوبہ بندی کی بدولت نیو اسلام آباد انٹرنیشل ایئر پورٹ نہ صرف مکمل ہونے کے قریب ہے بلکہ فراہمی آب اور بجلی کے منصوبے بھی زیر تکمیل ہیں۔