پوری قوم 23 مارچ کو یوم پاکستان بھرپور جوش و جذبہ سے منائے گی،حکومت کی بہترین حکمت عملی اور سیکورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کے باعث آج پاکستان میں سلامتی کی فضاء انتہائی پرسکون ہو چکی ہے، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کا شیخوپورہ کی تحصیل صفدر آباد کے نواحی قصبہ برنالہ میں تقریب سے خطاب

بدھ 22 مارچ 2017 17:04

اسلام آباد/ننکانہ صاحب ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پوری قوم 23 مارچ کو یوم پاکستان بھرپور جوش و جذبہ سے منائے گی،حکومت کی بہترین حکمت عملی اور سیکورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کے باعث آج پاکستان میں سلامتی کی فضاء انتہائی پرسکون ہو چکی ہے۔

وہ بدھ کو ضلع شیخوپورہ کی تحصیل صفدر آباد کے نواحی قصبہ برنالہ میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ چند سال قبل پاکستان کی سیکورٹی پوزیشن انتہائی نازک ہو چکی تھی اور 2013ء سے قبل پاکستان کی فضاء آئے دن دھماکوں اور خود کش حملوں سے سوگوار ہو چکی تھی لیکن موجودہ حکومت کی بہترین حکمت عملی اور سیکورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کے باعث آج پاکستان میں سیکورٹی کی فضاء انتہائی پرسکون ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2013ء سے قبل پاکستانی قوم 14 اگست اور 23 مارچ جیسے ایام بھرپور جوش وجذبہ سے منانے سے محروم ہو چکے تھے لیکن آج الله کے کرم اور موجودہ حکومت کے پختہ عزم کے باعث یوم آزادی، یوم پاکستان کے یوم دفاع بھی بھرپور طریقے سے منائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات اور بلوچستان کے وہ نو گوایریا جن میں2013ء سے قبل جانے کا کوئی تصور نہیں کر سکتا تھا، آج خوش آئند بات یہ ہے کہ ان علاقوں میں نہ صرف معمول کی زندگی کے ساتھ ساتھ سیکورٹی کی صورتحال میں خاطرخواہ بہتری آئی ہے بلکہ آج ان علاقوں میں سڑکوں کے نئے نیٹ ورکس اور تعلیم و صحت کی فراہمی کیلئے سکول، کالجزز اور ہسپتالوں کا بھی افتتاح کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شمالی و جنوبی وزیر ستان میں آج کھیلوں کے میدان آباد ہو چکے ہیں اور بازاروں کی رونقیں بحال ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام اکائیاں اتحاد و اتفاق کا عملی مظاہرہ کر رہے ہیں اور تمام اہم قومی ایشوز پر پاکستان کی تمام اکائیوں کے ساتھ ساتھ سیاسی قیادت میں باہمی اتفاق پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت کے باعث آج پوری دنیا میں پاکستان سے متعلق اچھی اچھی خبریں منظر عام پر آ رہی ہیں اور پاکستان کی معاشی ترقی سے متعلق پوری دنیا معترف ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ کے ان شاندار لمحات سے فائدہ اٹھا کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی نئی بلندیوںتک لے جانے کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان کی سیاسی قیادت اور عوام ان کامیابیوں کو محفوظکریں اور سی پیک سمیت ملک میں جاری دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے آپس میں بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں تاکہ پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کا عملی پاکستان بنایا جا سکے۔ اس موقع پر برنالہ تحصیل صفدر آباد سے تعلق رکھنے والے اہم مقامی سیاسی قائدین نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا بھی اعلان کیا اور محمد نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا بھی اظہار کیا ۔

متعلقہ عنوان :