وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد

بدھ 22 مارچ 2017 17:03

وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) وفاقی وزیر ریلویز اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تجدید عہد کا دن ہے، منٹو پارک میں مسلم لیگ کے بانیان نے برصغیر کے مسلمانوں کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے جو عہد کیا تھا پاکستان کا قیام اسی وعدے کا ایفا اور اس سفر کا اہم ترین سنگ میل رہا۔

یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ اپنے بانیان کی محنت، دیانت، فراست جیسی تمام اعلیِ اقدار کی امین ہے اور انہی اقدار کی پاسداری ایک اسلامی، جمہوری اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان قائداعظمؒ کی قیادت میں اسلام کے نام پر جمہوری جدوجہد کے ذریعے حاصل کیا گیا اور اس کا مستقبل بھی اسلام کے زریں جاوداں اصولوں اور جمہوریت کی پاسداری میں ہی مضمر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کے بعد اب مسلم لیگ کی حکومت کراچی سے خیبر تک اپنے شہریوں کیلئے امن، ترقی اور خوشحالی کی واحد امید اور نقیب ہے۔ وہ اس تاریخ ساز دن پر اپنے قائدین کی جدوجہد کو مشعل راہ بناتے ہوئے اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ایک اسلامی، جمہوری اور ترقی یافتہ پاکستان کیلئے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔