عراق، ثقافتی میلے میںسابق صدر صدام حسین کی پوتی کی فیشن ماڈل کے روپ میںشرکت،سوشل میڈیا پر تصاویر نے دھوم مچادی

بدھ 22 مارچ 2017 16:59

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مارچ2017ء) عراق میں کرد ثقافتی ورثے کے تحفظ کیلئے سرگرم سماجی تنظیم کے زیراہتمام عید نوروز ثقافتی میلے میںسابق صدر صدام حسین کی پوتی نے بھی فیشن ماڈل کے روپ میں حصہ لیا ،انتہائی بیش قیمت لباس میں ملبوس بنان کامل کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابقعراق میں کرد ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے سرگرم ایک سماجی تنظیم کے زیراہتمام کئی روز تک جاری رہنے والے عید نوروز ثقافتی میلے میں دیگر فن کاروں کی طرح سابق مصلوب صدر صدام حسین کی ایک پوتی بنان حسین کامل کو بھی ایک فیشن ماڈل کے روپ میں دیکھا گیا۔

عراق میں منعقدہ ثقافتی میلے میں کرد اور دیگر علاقوں کی ثقافت کے اظہار کے لیے فن کاروں نے بھرپور حصہ لیا۔

(جاری ہے)

دیگر فن کاروں میں صدام حسین کی پوتی بنان حسین کامل بھی شریک تھیں۔ انہوں نے ایک فیشن ماڈل کے طور پر میلے میں شرکت کی اور بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کرنے اور فیشن ماڈلنگ میں اچھی کار کردگی دکھانے پر ایک ایوارڈ بھی وصول کیا۔انتہائی بیش قیمت لباس میں ملبوس بنان کامل کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی کافی مقبول ہوئی ہیں۔

بعد ازاں مقامی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بنان حسین کامل نے کہا کہ میرے لیے سب سے اہم یہ ہے کہ ہم دوسروں کو کیسے متاثر کریں۔ ہم سب برابر ہیں۔ ہمارے درمیان کوئی شیعہ سنی اور کرد کا اختلاف نہیں۔ میرے دو خواب ہیں جنہیں میں شرمندہ تعبیر کرنا چاہتی ہوں۔ پہلا فیشن ماڈلنگ کا ہے اور میں اس میں کافی حد تک کامیاب ہوں اور دوسرا خواب عراق میں امن امان کے قیام کا ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ عراقی قوم جسد واحد بن جائے۔

متعلقہ عنوان :