صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور کی زیر صدارت پٹرول پمپس ، ہوٹلز اور ورکشاپس میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے حوالے سے اہم اجلاس

بدھ 22 مارچ 2017 16:29

صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور کی زیر صدارت پٹرول پمپس ، ہوٹلز اور ورکشاپس ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور کی زیر صدارت پٹرول پمپس ، ہوٹلز اور ورکشاپس میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سیکرٹری لیبر ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن ، ڈی جی نادرہ ،سی ای او اربن یونٹ ، سی ای او پی ایس پی اے ، ڈی جی پنجاب بیورو آف سٹیٹسک ، ایم ڈی پی وی ٹی سی ، جی ایم ٹیوٹا اور پی آ ئی ٹی بی کے نمائندگان کی شرکت۔

صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بیوروسٹیٹسک، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور لیبر ڈیپارٹمنٹ ڈیٹا کی بنیاد پر انرول کئے جانے والے 9445بچوں کو سکولوں میں داخل کروائیں اوراس حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے مجھے روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں خود اس سارے سسٹم کی نگرانی کروں گا ۔ یہ صرف خدمت خلق نہیں بلکہ ہمارا اولین فرض بھی ہے ۔

اجلاس میں خدمت کارڈ کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ بچوں کی کثیر تعداد کو خدمت کارڈ کا اجراء ہوچکا ہے ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 87ہزار بچوں کا ڈیٹا مکمل ہوچکا ہے اور زیادہ تربچوں کو خدمت کارڈز بھی ایشو کئے جاچکے ہیں اورباقی رہ جانے والے بچوں کو مکمل پروسیس کے بعد جلدہی کارڈز جاری کردیئے جائیں گے۔ 87 ہزاربچوں کا ڈیٹا تمام متعلقہ محکموں سے تصدیق ہوچکا ہے ۔

صوبائی وزیر محنت نے اس سارے عمل میں نادرا حکام کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس تندہی اور لگن سے انہوں نے اپنے فرائض سرانجام دیئے وہ قابل تقلید ہے۔صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ا دارے مل جل کر کام کریں تاکہ ہر حقداربچے کو اس کا حق مل سکے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ مزید براں صوبائی وزیر نے اربن یونٹ ، ایجوکیشن،نادرا، بیوروسٹیٹسک اور تمام متعلقہ اداروں کو باقاعدگی سے ڈیٹا شیئر کرنے کی تلقین کی تاکہ کسی قسم کی کوئی غفلت نہ ہوسکے۔