بائو فورم برائے ایشیاء کانفرنس کل سے شروع ہو گی

کانفرنس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے اعلیٰ سرکاری و غیر سرکاری شخصیات شرکت کرینگی پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبہ شرکاء کی توجہ کا مرکز رہے گا ، ترجمان بائو فور م

بدھ 22 مارچ 2017 16:10

بائو فورم برائے ایشیاء کانفرنس کل سے شروع ہو گی
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مارچ2017ء) بائو فورم برائے ایشیاء کی چار روزہ سالانہ کانفرنس 23مارچ کل سے چین کے جنوبی صوبے ہینان میں منعقد ہو گی ، کانفرنس میں زیادہ تر توجہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پر مرکوز رہے گی ، پاکستان سمیت دنیا بھر سے وفود اس میں شرکت کریں گے اور ایشیاء کے پس منظر میں عالمگیریت اور آزاد تجارت کے معاملات پر غور و خوض کریں گے ۔

فورم کے ترجمان نے گذشتہ روز بتایا کہ چار روزہ کانفرنس کے دوران ون بیلٹ ون روڈ ، تعلیم ، مالیات ، مینوفیکچرنگ ، صنعتی جدت اور علاقائی دلچسپی سمیت 44معاشی اور اقتصادی مسائل زیر غور آئیں گے چونکہ چین کے صدر شی چن پھنگ نے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کو اپنی خارجہ پالیسی کا بڑا منصوبہ قراردیا ہے ، اس لئے یہ کنونشن میں بحث کیلئے توجہ کا مرکز رہے گا۔

(جاری ہے)

سابق پاکستانی وزیر اعظم شوکت عزیز بھی کانفرنس کے مختلف اجلاسوں میں شرکت کریں گے اور آزاد تجارت اور معاشی لبرل ازم پر اپنے گرانقدر خیالات پیش کریں گے ، ایشیاء ترقی کرتی معیشتوں اور بین الاقوامی معاملات پر سرکاری حکام ،کاروباری اداروں کے سربراہان ، رائے عامہ کے رہنما ، ذرائع ابلاغ اور ماہرین تعلیم شریک ہو کر اظہار خیال کریں گے ۔بائو فورم ایک غیر سرکاری فورم ہے اور یہ ایک غیر منافع بخش بین الاقوامی تنظیم ہے، اس کا قیام 2002ء میں عمل میں آیا تھا ، اس کا مستقل دفتر چین کے صوبہ ہونا ن کے شہر بائو میں ہے ۔

متعلقہ عنوان :