پاکستان چین کی ترقی کو اپنی ترقی سمجھتا ہے ، پاکستانی سفیر

دونوں ممالک کی شراکت داری اور سی پیک کی تکمیل سے ترقی میں تیزی آئیگی بین الاقوامی معیشت چینی معیشت پر انحصار کرتی ہے، چینی ذرائع ابلاغ سے مسعود خالد کی گفتگو

بدھ 22 مارچ 2017 16:10

پاکستان چین کی ترقی کو اپنی ترقی سمجھتا ہے ، پاکستانی سفیر
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مارچ2017ء) پاکستان چین کی معاشی ترقی کو اپنی ترقی سمجھتا ہے اور توقع ہے کہ دونوں ممالک کی شراکت داری اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے اس ترقی میں مزید تیزی لائے گی ، اس سلسلے میں مئی میں بیجنگ میں منعقد ہونے والا بیلٹ اینڈ روڈ فورم بین الاقوامی معیشت میں بھی بہتری لائے گا اور بیلٹ اینڈ روڈ ممالک کے درمیان رابطے کو مزید بہتر بنائے گا اور تجارتی تحفظ ازم کو ختم کردے گا ۔

ان خیالات کا اظہار چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے چینی ذرائع ابلاغ کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں کیا ہے۔سفیر مسعود خالد نے مزید کہا کہ پاکستان کی طرف سے اعلیٰ سطح کے وفد کی فورم میں شرکت کی توقع ہے ، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا حصہ ہونے کے حوالے سے پاکستان اس قسم کے رابطے ، بنیادی ڈھانچے ، تجارت کی لبرل ازم میں دلچسپی رکھتا ہے ، چین بین الاقوامی تجارت کا اہم عنصر ہے اور وہ بین الاقوامی برادری کو دہشتگردی ، آب و ہوا کی تبدیلی اور تجارتی تحفظ ازم کے جو مسائل درپیش ہیں ان میں اہم کردار ادا کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے غربت کے خاتمے کیخلاف چینی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ چین اور پاکستان اس شعبے میں بہتر تعاون کررہے ہیں اور اس کی ایک واضح مثال چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک ) ہے جس کے ذریعے دونوں ممالک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے،بالخصوص چین کے مغربی علاقے کو اس سے زیادہ فائدہ حاصل ہو گا کیونکہ گوادر کو ملانے کے لئے سی پیک اسی علاقے سے گزررہاہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان برابری کی بنیاد پر تعاون کا منصوبہ ہے جو دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ پہنچائے گا ۔ انہوں نے گذشتہ تین عشروں کے دوران چین میں ہونے والی ترقی کا خاص طورپر ذکر کیا اور کہا کہ گذشتہ چند برسوں کے دوران عالمی معیشت کو سست روی کا سامنا کرنا پڑا ہے جس سے چین بھی متاثرہوا ہے تا ہم اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بین الاقوامی معیشت چینی معیشت پر کس قدر انحصار کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ چینی معیشت کی صحت مندانہ اور مستحکم ترقی عالمی معیشت کے مستقبل کیلئے خوش آئند ہے ۔

متعلقہ عنوان :