کراچی میں قرض میں ڈوبے شہری نے پولیس کو دیکھ کر خود کشی کرلی

ْکلیم نامی شخص کے گھریلو تنازعات بھی چل رہے تھے ،قرض خواہوں نے بھی تنگ کررکھا تھا، پولیس

بدھ 22 مارچ 2017 15:34

کراچی میں قرض میں ڈوبے شہری نے پولیس کو دیکھ کر خود کشی کرلی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں قرض خواہوں اور پولیس کے خوف سے تیسری منزل سے چھلانگ لگانے والا شخص دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ کراچی کا رہائشی کلیم مردم شماری ٹیم کے ساتھ پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو دیکھ کر خوفزہ ہوگیا اور گھر کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی، علاقے کے افراد نے اسے اسپتال پہنچایا تاہم وہ دم توڑ چکا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق کلیم نامی شخص ٹرانسپورٹ کا کاروبار کرتا تھا اور اسے کاروبار میں خسارے کا سامنا تھا جبکہ کلیم نے گزشتہ چند روز قبل دوسری شادی بھی کرلی تھی جس کی وجہ سے گھریلو تنازعات بھی چل رہے تھے اور قرض خواہ بھی اپنی رقم کی وصولی کے لیے مسلسل دبائو ڈال رہے تھے، بدھ کی صبح بھی کلیم کی چند افراد سے پیسوں کے تقاضے پر تلخ کلامی بھی ہوئی تھی اور انہوں نے اسے دھمکیاں بھی دی تھیں، واقعے کے کچھ ہی دیر کے بعد جب مردم شماری کی ٹیم علاقے میں پہنچی تو ان کے ساتھ اہلکاروں کو دیکھ کرخوفزدہ ہوگیا اورتیسری منزل سے چھلانگ لگادی جس کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی۔

متعلقہ عنوان :