ایم کیوایم پاکستان کے رکن اسمبلی عبداللہ شیخ پاک سرزمین پارٹی میں شامل

پی ایس پی کے پنڈال میں ہر زبان اور نسل کے لوگ نظر آئیں گے، مصطفی کمال کی پریس کانفرنس

بدھ 22 مارچ 2017 15:34

ایم کیوایم پاکستان کے رکن اسمبلی عبداللہ شیخ پاک سرزمین پارٹی میں شامل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی عبداللہ شیخ نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیاہے۔بدھ کو کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران مصطفی کمال نے کہا کہ ہم اپنی غلطیاں تسلیم کرنے والے لوگ ہیں، لوگ اپنا موقف فائدہ دیکھ کربدل لیتے ہیں، ہم پرامتحانات، تکالیف اور پریشانیاں آئیں، ہم نے کسی کو پارٹی میں شمولیت کا نہیں کہا، ہم نے کسی سے دشمنی نہیں کی، ہم نے پہلے دن سے کوئی بات جھوٹ نہیں بولی، کسی کے پاس ہماری کسی بات کا جواب نہیں ہے، جب ہماری بات صحیح ثابت ہوجاتی ہے تو لوگ ہماری طرف چل پڑتے ہیں۔

ہمارے پاس بہت بڑی تعداد میں لوگ آرہے ہیں، شیخ عبداللہ آخری نہیں، ہم سے کئی اور بھی بہت سے لوگ رابطے میں ہے۔

(جاری ہے)

دعا ہے لوگوں میں اتنی ہمت ہو کہ وہ سچ کے قافلے میں شامل ہوں۔مصطفی کمال نے کہا کہ جمعرات کو ہم اپنی پارٹی کا پہلا یوم تاسیس منائیں گے، یہ یوم تاسیس یوم پاکستان کی مناسبت سے منایا جائے گا۔ نشتر پارک میں پی ایس پی کا عظیم الشان کنونشن ہوگا، کارکنان جمعرات کو 3 بجے گراونڈ میں پہنچنے کی کوشش کریں، پی ایس پی کے پنڈال میں ہر زبان اور نسل کے لوگ نظر آئیں گے۔

اس موقع پر پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی شیخ عبداللہ نے کہا کہ 22 اگست کی تقریرکے بعد کوئی گنجائش نہیں رہی، پاکستان توڑنے کی باتیں کرنے والوں کے ساتھ ہمدردی نہیں کی جاسکتی، ہمیں ملک کا غدارکوئی نہ کہے، ہم پاکستان کے وفادار ہیں اوررہیں گے، کسی نے پی ایس پی میں شمولیت کا نہیں کہا، مصطفی کمال اورانیس قائم خانی کے ساتھ کارکن کی حیثیت سے کام کرینگے۔