جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و ترقی کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، دنیا بھر کے اہل قلم ڈاکٹر خلیل طوقار کی طرح کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اپنی آواز بلند کریں

وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کی استنبول یونیورسٹی ترکی کے شعبہ اردو کے سربراہ ڈاکٹر خلیل طوقار سے گفتگو

بدھ 22 مارچ 2017 15:34

جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و ترقی کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و ترقی کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، حریت پسند کشمیری عوام کی مسلسل قربانیوں اور ثابت قدمی سے عالمی برادری میں ان کی آزادی کی تحریک کی حمایت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے استنبول یونیورسٹی ترکی کے شعبہ اردو کے سربراہ ڈاکٹر خلیل طوقار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں مشیر وزیراعظم سے ملاقات کی۔

ڈاکٹر خلیل طوقار نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے ترک زبان میں شائع شدہ اپنی کتاب بھی عرفان صدیقی کو پیش کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے مشیر نے ڈاکٹر خلیل طوقار کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکی اور پاکستان دو بھائی ہیں اور کشمیر کے حوالہ سے دونوں ممالک کی حکومتوں کا موقف اور عوام کے احساسات یکساں ہیں۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ دنیا بھر کے اہل قلم ڈاکٹر خلیل طوقار کی طرح کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اپنی آواز بلند کریں اور بھارتی ظلم و استبداد کو بے نقاب کرنے میں اپنا کردار اد اکریں۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ اس کتاب کے فوری طور پر اردو اور انگریزی تراجم بھی شائع کئے جائیں گے۔ ملاقات میں اکادمی ادبیات پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر قاسم بگھیو بھی موجود تھے۔