پنجاب یونیورسٹی میں پشتونوں پر حملہ کیا گیا‘ جماعت اسلامی کا معاملے پر رویہ افسوسناک ہے، غلام احمد بلور

جماعت اسلامی کا معاملے پر رویہ افسوسناک ہے‘ اگر پنجابی اور پختون کو لڑایا گیا تو تباہی آجائے گی‘ پنجاب یو نیورسٹی میں پختون طلباء پر حملے کے ملزمان کو گرفتار کرکے پھینٹی لگائی جائے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و رکن قومی اسمبلی غلام احمد بلور کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 22 مارچ 2017 15:04

پنجاب یونیورسٹی میں پشتونوں پر حملہ کیا گیا‘ جماعت اسلامی کا معاملے ..
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مارچ2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و رکن قومی اسمبلی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں پشتونوں پر حملہ کیا گیا‘ جماعت اسلامی کا معاملے پر رویہ افسوسناک ہے‘ اگر پنجابی اور پختون کو لڑایا گیا تو تباہی آجائے گی‘ پنجاب یونویرسٹی میں پختون طلباء پر حملے کے ملزمان کو گرفتار کرکے پھینٹی لگائی جائے۔

وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی میں جماع اسلامی کے کارکنوں نے پختون طلباء پر حملہ کیا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے پختون اپنا ثقافتی تہوار منارہے تھے یہ کوئی ڈانس نہیں تھا لیاقت بلوچ کے بیان پر افسوس ہوا جماعت اسلامی کو پنجاب ‘ سندھ اور بلوچستان نے مسترد کیا صرف پختونوں نے انہیں گلے سے لگایا۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے تمام اراکین پارلیمنٹ کا تعلق بھی پختونوں سے ہے جماعت اسلامی کو شرم آنی چاہئے اگر پختون اور غیر پختون کا جھگڑا شروع کیا گیا تو بہت بڑی تباہی آئے گی۔ جماعت اسلامی پنجابی اور پختون کو لڑانے کی سازش نہ کرے۔ غلام بلور نے کہا کہ اگر اس طرح پختونوں کو پنجابیوں سے لڑایا گیا تو ملکی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوجائے گا۔ پختون پنجاب کے ہر ضلع میں موجود ہیں گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے بات ہوئی ہے انہیں کہا ہے کہ حملہ کرنے والے گروہ کے سرغنہ کو پکڑ کر پھینٹی لگائی جائے تاکہ دوبارہ ایسا واقعہ نہ ہو۔