وفاق کی ساری اکائیوں کے درمیان وسائل کی منصفانہ تقسیم سے ہی ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو سکتا ہے، قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ

قومی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان ایوان سے واک آئوٹ، کورم کی نشاندہی پر اجلاس کی کارروائی کچھ دیر کیلئے معطل رہی

بدھ 22 مارچ 2017 15:02

وفاق کی ساری اکائیوں کے درمیان وسائل کی منصفانہ تقسیم سے ہی ملک ترقی ..
اسلام آباد ۔22 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں موٹرویز‘ میٹرو بس‘ گرین اور اورنج لائن منصوبے بڑی اچھی بات ہے تاہم غریب اور عام آدمی کی ویلفیئر کی طرف توجہ دینا وقت کا اہم تقاضا ہے‘ پاکستان وفاقی اکائیوں کا مجموعہ ہے‘ یہ اسی صورت مستحکم ہو سکتا ہے جب وفاقی اکائیوں میں وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے گی۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے نکتہ اعراض پر کہا کہ ملک میں غربت اور پسماندگی کی شرح میں کوئی خاطر خواہ کمی نہیں آئی ۔ لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ صحت اور تعلیم کی سہولیات کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں موٹرویز‘ میٹرو بس‘ گرین اور اورنج لائن منصوبے بڑی اچھی بات ہے تاہم غریب اور عام آدمی کی ویلفیئر کی طرف توجہ دینا وقت کا اہم تقاضا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان وفاقی اکائیوں کا مجموعہ ہے۔ وفاق کی ساری اکائیوں کے درمیان پانی سمیت دیگر وسائل کی منصفانہ تقسیم سے ہی ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن اور مستحکم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اکائیوں کے ساتھ اس معاملے میں زیادتی کے خلاف ایوان سے واک آئوٹ کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی پیلپز پارٹی‘ پی ٹی آئی‘ جماعت اسلامی‘ ایم کیو ایم سمیت دیگر اپوزیشن ارکان ایوان سے واک آئوٹ کرگئے۔

اس پر ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد اور جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کو ہدایت کی کہ وہ اپوزیشن ارکان کو منا کر ایوان میں واپس لائیں۔ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے ارکان نے بدھ کو پاکستان کمیشن آف انکوائری بل 2017ء آئوٹ آف ٹرن لینے پر بھی احتجاجاً ایوان سے واک آئوٹ کیا۔پی پی رکن اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ آئوٹ آف ٹرن قانون سازی خلاف قواعد ہے۔

سپیکر نے کہا کہ ایوان کی اکثریت کی رائے سے ایسا کیا گیا ہے۔ اس پر پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے ارکان ایوان سے واک آئوٹ کرگئے۔ اس پر سپیکر نے وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد کو ہدایت کی کہ اپوزیشن ارکان کو راضی کرکے ایوان میں لائیں۔علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کے واک آئوٹ کے دوران پیپلز پارٹی کے رکن میر اعجاز حسین جاکھرانی نے ایوان میں کورم کی نشاندہی کردی۔ ڈپٹی سپیکر نے گنتی کا حکم دیا۔ ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری نہ نکلنے پر ڈپٹی سپیکر نے کورم پورا ہونے تک قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی معطل کردی۔