ْماحولیاتی بہتری اور معاشی فوائد کے اعتبار سے درختوں کی اہمیت مسلمہ ہے ، ڈپٹی کمشنر بھکر

بدھ 22 مارچ 2017 14:57

بھکر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) ڈپٹی کمشنرسید بلال حیدر نے کہاہے کہ ماحولیاتی بہتری اور معاشی فوائد کے اعتبار سے درختوں کی اہمیت مسلمہ ہے جس کے پیش نظر یہ ضروری ہے کہ شجرکاری مہموں کے دوران سرکاری و نجی شعبہ کابھرپور اشتراک یقینی بناکرزیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر کے سبزہ زار میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنرنے اس موقع پر آشوک کا پودا لگایا ۔ ڈپٹی کمشنرسید بلال حیدرنے جنگلات کے فروغ و تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ شجرکاری مہموں کے دوران لگائے جانیوالے پودوں کے مکمل درخت بننے تک ان کی حفاظت اور دیکھ بھال انتہائی ضروری ہے تاکہ ان درختوں سے ماحولیاتی بہتری اور معاشی فوائد حاصل کیے جاسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت کی کہ دیگر سرکاری محکموں ،تعلیمی اداروں خصوصاًکاشتکاروں کو بڑی تعداد میں تیز بڑھوتری والے پودوں کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔

اس موقع پر ڈی ایف اومہر محمد عظیم نے موسم بہار کی شجرکاری مہم کے اہداف پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں اس مہم کے دوران تین لاکھ چالیس ہزار پودے لگائے جائیں گے جن میں سے 1لاکھ 12ہزار5سوپودے سرکاری جنگلات ،1لاکھ 90ہزارنجی شعبہ اور 37ہزار5سو پودے دیگر سرکاری محکموں کے اشتراک سے لگانے کے اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر اے ڈی سی ریونیوحافظ احمد طارق، اے ڈی سی جنرل کریم بخش، ڈی ایف اومہرمحمد عظیم اور دیگر افسران نے بھی اجتماعی شجرکاری میں حصہ لیتے ہوئے پودے لگائے۔