ڈپٹی کمشنر کی ہسپتالوں اورمراکز صحت کے سربراہان کو علاج ومعالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

بدھ 22 مارچ 2017 14:57

بھکر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) ڈپٹی کمشنربھکر سید بلال حیدر نے محکمہ صحت کے انتظامی افسران ،ہسپتالوں اورمراکز صحت کے سربراہان سے کہاہے کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کی احسن کارکردگی کے ضمن میں متعلقہ ہیلتھ کونسل کے مالی وسائل سے بھرپور استفادہ کیاجائے تاکہ عوام کو علاج ومعالجہ کی بروقت سہولیات کے حصول میں کسی قسم کی دقت کاسامنا نہ کرناپڑے۔

انہوں نے یہ بات محکمہ صحت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے ہیلتھ کونسلز کے فنڈز سے استفادہ کرنے کے ضمن میں تفصیلی گائیڈلائن جاری کی۔انہوں نے ہیلتھ کیئر سسٹم کی حسب منشا کارکردگی کے ضمن میں محکمہ صحت کے انتظامی افسران اورہسپتالوں کے سربراہان کے مابین مشاورت ورابط برقرار رکھنے کی ضرورت پر زوردیا اورکہاکہ حکومت پنجاب کے ہیلتھ کیئر وژن پر کماحقہ عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ عمدہ کارکردگی کے حامل ڈاکٹرزاورطبی عملہ کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کے اقدامات کیے جائینگے تاکہ وہ اور زیادہ محنت ولگن کے جذبہ سے اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔انہو ں نے ہسپتالوں اورمراکز صحت میںصفائی کاعمدہ ترین نظام برقرا ررکھنے کی تاکید کی اورکہاکہ ہسپتالوں اورمراکز صحت کے احاطہ جات میں خوشنما شجرکاری کاعمل مکمل کرکے ماحول دوست فضاکی ترویج یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر( جنرل) کریم بخش،چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر وامق الرحمن و دیگر انتظامی افسران ،ضلعی وتحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کے ایم ایس حضرات،مراکز صحت کے ایس ایم اوز اورایم اوز نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :