ڈینگی کے خلاف حفاظتی اقدامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ، ڈ ویژنل کمشنر

بدھ 22 مارچ 2017 14:56

ڈینگی کے خلاف حفاظتی اقدامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ..
فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) ڈویژنل کمشنر فیصل آباد مومن آغا نے خبردار کیا ہے کہ ڈینگی کے خلاف متعلقہ محکموں کے انسدادی وحفاظتی اقدامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اوراس سلسلے میں محض کاغذی کارروائی نہیں چلے گی۔انہوں نے محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ محکمہ جات کے حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ اور آئندہ سیزن میں ڈینگی کی افزائش کا خطرہ موجود ہے لہٰذا متعلقہ محکمے اپنی آنکھیں کھلی رکھیں اور ڈینگی لاروا کے ممکنہ مقامات کی مکینکل ٹریٹمنٹ کے ساتھ شہریوں میں احساس اجاگر کرنے کے لئے آگاہی پروگرامز کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے سلسلے میں معمولی سی غفلت یالاپرواہی کے متحمل نہیں ہوسکتے لہٰذا تمام متعلقہ محکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں اور ڈینگی لاروا ملنے پر فوری انسدادی اقدامات بروئے کار لائے جائیں تاکہ اس وباء کے پھیلنے کا اندیشہ نہ رہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء محکمہ صحت کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ضلع بھر میں انسداد ڈینگی کے سلسلے میں ان ڈور اور آئوٹ ڈور سرویلنس کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور ڈینگی لاروا کی پیدائش کے ممکنہ مقامات کا سراغ لگا کر صفایا کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انسداد ڈینگی میں تعاون نہ کرنے والوں کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے جارہے ہیں اور ضلع کو گزشتہ سالوں کی طرح اس بار بھی ڈینگی فری بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ انہوںنے بتایاکہ شہریوں کو ڈینگی کے خطرات سے آگاہ کرنے کیلئے سیمینارز،واکس کا انعقاد اور پمفلٹس کی تقسیم کا عمل بھی جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :