فاٹا کی ہر ایجنسی میں فاٹا اصلاحات کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جا ئے گا‘ فاٹا کے طلباء کو میڈیکل کالج اور تمام یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کی سہولیات دستیاب ہیں

وفاقی وزیر ریاستیں و سرحدی علاقہ جات عبدالقادر بلوچ کا قومی اسمبلی میں جواب

بدھ 22 مارچ 2017 13:41

فاٹا کی ہر ایجنسی میں فاٹا اصلاحات کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا ..
اسلام آباد ۔22 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) وفاقی وزیر ریاستیں و سرحدی علاقہ جات عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ فاٹا کی ہر ایجنسی میں آئندہ دس سالوں کے دوران فاٹا اصلاحات کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جا رہا ہے‘ فاٹا کے طلباء کو میڈیکل کالج اور تمام یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کی سہولیات دستیاب ہیں۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شگفتہ جمانی کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر ریاستیں و سرحدی علاقہ جات عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ فاٹا سات ایجنسیوں پر مشتمل ہے۔

ہر ایجنسی میں آئندہ دس سالوں کے دوران فاٹا اصلاحات کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا۔ فاٹا کی سات ایجنسیوں کے طلباء کو میڈیکل کالج اور ملک کی تمام یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کی سہولیات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ خیبر ایجنسی کی یونیورسٹی اور ڈی آئی خان کی یونیورسٹی میں فاٹا کے طلباء تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ فاٹا اصلاحات کے تحت فاٹا میں زیادہ سے زیادہ یونیورسٹیاں اور میڈیکل کالجز بنائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا میں زراعت کی سرگرمیاں نہیں ہیں‘ مستقبل میں زراعت کی بہتری کے لئے پنجاب سے مل کر بہتر سے بہتر زرعی مہارتوں اور مختلف فصلوں کے معیاری بیج کے ذریعے زراعت کے شعبے میں بہتری لائی جائے گی۔ ایک ضمنی سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبے میں ایک سسٹم ہوتا ہے۔ گورنر صوبے کا چیف ایگزیکٹو ہوتا ہے۔ فاٹا اصلاحات کے ذریعے ملنے والے ترقیاتی فنڈز اور ترقیاتی منصوبوں کی گورنر نگرانی کریں گے۔ شیر اکبر خان کے ایک اور ضمنی سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ فاٹا کی ہر ایجنسی میں فاٹا اصلاحات کے ذریعے کیڈٹ کالج بنائے جائیں گے جبکہ فاٹا کے طلباء کے لئے ملک بھر میں مختلف یونیورسٹیوں میں داخلہ کا کوٹہ دوگنا کردیا گیا ہے۔