زیر تفتیش مقدمات کو جدید تقاضو ں کے مطابق ہم آہنگ ہو کر یکسو کرکے انصاف کا بول بالا کیا جائے ،ڈی پی او

بدھ 22 مارچ 2017 00:31

خانیوال ۔21مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء)قیام امن اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی میری اولین ترجیحات میں شامل ہے ‘شہریوں کے جان ومال کا تحفظ ہر صور ت یقینی بنایا جائیگا ‘زیر تفتیش مقدمات کو جدید تقاضو ں کے مطابق ہم آہنگ ہو کر یکسو کرکے انصاف کا بول بالا کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہانزیب نذیر خان نے گذشتہ روز پولیس افسران اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ ہومی سائیڈ سیل کے تمام افسران کو سختی سے ہدایات کی گئی ہے ان کے پاس اہم مقدمات کی تفتیش کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر یکسو کریں اور مظلوم کو اس کا حق دلانے او رظالم کو اس کے انجام تک پہنچانے کیلئے ایمانداری سے اپنے فرائض کی ادائیگی کرکے دنیا و آخر ت میں سرخرو ہوسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ انسانیت کی خدمت ایک اہم فریضہ ہے اور دکھی لوگوں کے دکھ بانٹ کر انہیں خوشی دینا انسانیت کی معراج ہے ۔

ڈی پی او نے کہاکہ قیام امن اور جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ ہمیشہ سے میری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور رہیگا اس پر کوئی دو رائے نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کے جان ومال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائیگا اور موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں تمام شہریوں کو اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرنا ہوگا اور اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نگاہ رکھناہوگی تاکہ کوئی بھی شرپسند کسی بھی روپ میں اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل میں کامیاب نہ ہوسکے اور شہری اگر کسی مخصوص شخص یا لاوارث بیگ وغیرہ دیکھیں تو فوری طور پر اپنے متعلقہ تھانہ پر اطلاع دیں ۔