سیالکوٹ میں پی ایچ ای ڈی کے زیر نگرانی سیوریج اور ٹف ٹائیلز لگانے کے جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

منگل 21 مارچ 2017 23:51

سیالکوٹ۔21 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء)چیئرمین پبلک فیسیلی ٹیشن کمیٹی فار پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ پنجاب مرزا شبیر بیگ نے منگل کے روز سیالکوٹ نالہ بھیڈ، زہرہ میموریل ہسپتال روڈ اور کینٹ میں پی ایچ ای ڈی کے زیر نگرانی سیوریج اور ٹف ٹائیلز لگانے کے جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور پی ایچ ای ڈی کے مقامی حکام کو ترقیاتی منصوبوں کو مفاد عامہ میں جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی بالخصوص سیوریج کے منصوبوں کو موسم برسات سے قبل پایہء تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ شہر کو اربن فلڈنگ سے محفوظ رکھا جاسکے ۔

ایکسئین پی ایچ ای ڈی نسیم خالد، ایس ڈی او رانا ابرارحسین اور عبدالوحید کے علاوہ پی ایچ ای ڈی کے مقامی حکام بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

ایکسئین پی ایچ ای ڈی نے چیئرمین پی ایف سی کو سیالکوٹ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔ چیئرمین پی ایف سی مرزا شبیر بیگ نے کہاکہ عوام کو معیاری میونسپل سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ۔

انہوںنے کہاکہ صوبے کے 36اضلاع میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھادیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ صاف پانی پراجیکٹ ، اربن ٹرانسپورٹ ، ذرائع آمدروفت ، صحت اور تعلیم کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف دن رات کوشاں ہیں ، انہوں نے کہاکہ حکومت اپنی آئینی مدت مکمل کرے گی اور یہ دورحکومت ملکی تعمیر وترقی روشن باب ثابت ہوگا۔