زہریلی آب وہواسے نجات کاواحدحل زیادہ تعدادمیں درخت لگانے سے ممکن ہے،ڈپٹی سپیکرپنجاب اسمبلی

منگل 21 مارچ 2017 23:51

راجن پور ۔21مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے شجر کاری مہم کا آغاز قابل تحسین عمل ہے ،شہری گنجان آباد علاقوں میںزہریلی آب و ہوا نے انسانی صحت کو بے حد متاثر کیا ہوا ہے جس کا واحد حل درخت لگا کر آب و ہوا اور ماحول کو خوشگوار کرنے میںمدد ہے جبکہ ہما رے مذہب اسلام میں بھی درخت اگانے پر زور دیا گیا ہے، ان خیا لات کا اظہار ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے ڈی پی ایس جام پور میں شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے اندسٹریز، گاڑیوں کے دھویں نے ماحول کو خراب کر رکھا ہے جس کی و جہ سے لوگ دمہ جیسی موذی امراض کا شکار ہوکر رہ گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ خراب ماحول سے نجات کیلئے از حد ضروری ہے کہ لوگ زیادہ سے زیادہ درخت اگائیں تاکہ ماحول خوشگوار ہوسکے اور لوگ ذہنی اذیت سے بھی بچ سکیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبہ بھر میں سبز انقلاب برپا کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے جس کیلئے سرکاری اداروں اور پبلک پارکس و سڑکوں پر کثیر تعداد میں درخت لگائے جارہے ہیں ،عوام کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ پودوں کی اپنی طرح حفاظت کریں تاکہ یہ پودے بڑے درخت بن کر سایہ دار اور مفید ثابت ہوں ،انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت لسانیت کی بجائے انسانیت پر یقین رکھتی ہے اور ملک میں جاری ترقیاتی منصوبے جمہوری حکومت اور عوام دوستی کی دلیل ہیں جبکہ سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے ملکی تقدیر بدل جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :