خواتین ملک کی آبادی کا نصف حصہ ہیں جن کا قومی معیشت کی ترقی اور معاشی پیداوار بڑھانے میں کلیدی کردار ہے جسے کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،سپیکر صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی کی گورنر سٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا سے بات چیت

منگل 21 مارچ 2017 23:26

کوئٹہ۔21مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) سپیکر صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ خواتین ملک کی آبادی کا نصف حصہ ہیں جن کا قومی معیشت کی ترقی اور معاشی پیداوار بڑھانے میں کلیدی کردار ہے جسے کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔خواتین کی ملکی ترقی میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے انکو آسان اقساط پر قرضے فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بلوچستان کی غریب اور بیوہ خواتین کیلئے نجی و کمرشل بینکوں میں آسان اکائونٹس کھولنے کی سہولت مہیا کی جائیں تاکہ یہاں کی خواتین بھی ملک و صوبہ کی اقتصادی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر سٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بینک کے اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد کے ہمراہ منگل کے روز یہاں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران بلوچستان بینک کے قیام سمیت صوبے کی اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ اور بینکنگ سیکٹر کی ترقی سے متعلق دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ بلوچستان کی ترقی اور ضروریات کو پورا کرنے کیلئے تمام بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کم سے کم تین سال پر مشتمل بزنس پلان تشکیل دیں۔

مالیاتی حوالے سے بلوچستان کی استعداد کار میں اضافہ کرنے اور صوبے میں بینکنگ سیکٹر کے فروغ کیلئے تمام بینکوں کو مزید برانچز کے قیام کیلئے بھی ہدایت کی گئی ہے جسکی نگرانی اسٹیٹ بینک کرے گا اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک گوادر اور خضدار میں اپنے دفاتر کھولے گا جبکہ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں کے عوام کو بینکنگ کی سہولیات کی فراہمی کیلئے برانچ لیس بینکنگ سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا۔

اسپیکر صوبائی اسمبلی نے گورنر اسٹیٹ بینک کے دورہ کوئٹہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے پیش نظر ہمیں بلوچستان میں بینکنگ سیکٹر کو زیادہ مؤثر اور مستحکم بنانا ہوگا۔بینکنگ برانچزکو ضلعی سطح پر وسعت دینے سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہونگے بلکہ اس سے تجارتی واقتصادی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔اسپیکر نے اس بات پر زو دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی بزنس خواتین کی مالی مدد کیلئے انہیں آسان اقساط پر قرضے فراہم کئے جائیں تاکہ یہاں کی باصلاحیت اور باہمت خواتین صوبہ میں تجارتی و اقتصادی سرگرمیوں میں اپنا کلیدی کردار ادا کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ خاص کر صوبہ کی غریب اور بیوہ خواتین کو آسان اکائونٹ کھولنے کی سہولیات فراہم کی جائیں جس پر گورنر اسٹیٹ بینک نے یقین دلایا کہ اس حوالے سے تمام نجی و کمرشل بینکوں کو ہدایت کردی گئی ہے اور تاجروں کو آسان اقساط پر قرضے فراہم کرنے کیلئے بھی عملی اقدامات کئے جائیں گے۔اس کے علاوہ بلوچستان میں فنانشل لٹریسی پروگرام کا بھی جلد اجراء کیا جائے گا۔اسپیکر نے بلوچستان میں بینکنگ کی سہولیات میں اضافے کیلئے اسٹیٹ بینک کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے اس ضمن میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔