ڈویژنل اوور سائیٹ کمیٹی اور ڈویلپمنٹ بورڈ کی جانب سے اسکولوں کی مرمت کیلئے 190ملین کی اسکیمیں منظور

منگل 21 مارچ 2017 22:51

سکھر۔ 21مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) ڈویژنل اوور سائیٹ کمیٹی اور ڈویژنل ڈویلپمنٹ بورڈ سکھر کا اجلاس کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ کی زیر صدارت ان کے آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سکھر، خیرپور اور گھوٹکی اضلاع میں مختلف پرائمری ، ایلیمنٹری، سیکنڈری سکولوں اور کالجوں کی زبوں حال چھتوں کی تبدیلی اور مرمتی کام کے لئے مجموعی طور پر 190ملین روپے کی لاگت کی مختلف سکیمیں منظور ی کے لئے بھیجی گئی ہیں جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ایجوکیشن اینڈ ورکس ڈسٹرکٹ سکھر کی جانب سے مختلف اسکولوں اور کالجز کی مرمت کیلئے 80ملین روپے کی اسکیمیں جبکہ خیر پور ضلع کے لئے 33ملین اور گھوٹکی ضلع کے لئے 75ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے ۔

اسی طرح ڈویژنل اوور سائیٹ کمیٹی اور ڈویژنل ڈویلپمنٹ بورڈ گھوٹکی میں افسران کے لئے رہائشی کالونی کی مرمت کے لئے 24لاکھ سے زائد رقم کی بھی منظوری دی گئی ہے جبکہ تعلقہ اوباڑو کے گاؤں ھنبھڑا میں گیس کی فراہمی کی اسکیم کے لئے 40ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

بورڈ کی جانب سے خیرپور ضلع میں تعلقہ اسپتال کوٹ ڈیجی کی منتقلی کی تعمیر کی اسکیم کے لئے 40ملین روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ 71ملین روپے کی لاگت سے مختلف روڈز کی مرمت کی اسکیمیں بھی منظور کی گئیں ۔

کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژن کے خراب حالت میں موجود اسکولوں کی تعداد جمع کر کے تفصیلی رپورٹ تیار کی جائے اور ڈپٹی کمشنر سکھر ان رپورٹس کو سیکریٹری تعلیم سے منعقدہ اجلاس میں پیش کریں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو یہ بھی ہدایت کی کہ فوری مرمتی کام والے اسکولوں کو نئی اے ڈی پی اسکیموں میں بھی شامل کیا جائے ۔