محمدبن قاسم پارک سکھر میں پھولوں کی سہ روزہ نمائش جاری، صوبائی وزیر اور میئرسکھر نے افتتاح کیا

منگل 21 مارچ 2017 22:51

سکھر۔ 21مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) سکھر میونسپل کارپوریشن اور سکھر پریس کلب کی جانب سے محمد بن قاسم پارک میں شہریوں کو خوبصورت اور صحتمند ماحول فراہم کرنے کیلئے پھولوں کی سہ روزہ نمائش جاری ہے جس کا افتتاح صوبائی وزیر کوآپریشن جام اکرام اللہ دھاریجو اور میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں ضلعی چیئرمین سکھر محمد اسلم شیخ، ڈپٹی میئر طارق چوہان، سکھر پریس کلب کے صدر جان محمد مہر اور دیگر منتخب نمائندے، تاجر رہنما، صحافی حضرات اور شہری موجود تھے۔

میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے خطاب کیا کہ پھولوں کی نمائش کا مقصد سکھر کے شہیریوں کو صحتمند تفریح مہیا کرنا ہے اور لوگوں میں پودوں اور پھولوں کے حوالے سے آگاہی اور ان کی حفاظت کا جذبہ پیدا کرنا ہے، ہم گھروں اور اپنے علاقے میں پھول اور پودے لگاکر ماحولیات بہتر بنا سکتے ہیں، کیونکہ فضائی آلودگی سے بچنے کیلئے درخت لگانا بہت ضروری ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ درخت انسانی صحت میں اہم حیثیت رکھتے ہیں ان کی نشونما ہم سب پر فرض ہیں۔ سکھر پریس کلب اور سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے منعقد کردہ پھولوں کی نمائش میں پارک کو خوبصورت اور رنگین پھولوں اور پودوں سے سجایا گیا ہے پھولوں کی خوشبوء نے سکھر کی فضا کو خوشبودار بنادیا ہے، پھولوں کی نمائش کی اختتامی تقریب( آج) 22مارچ کو 9بجے شب منعقد ہوگی جس میں بہتر کارکردگی دکھانے والے اسٹالز کو انعامات دیئے جائینگے۔