حرمین شریفین دنیا کے تمام مسلمانوں کیلئے قابل احترام ہے،سینیٹر سراج الحق

منگل 21 مارچ 2017 22:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حرمین شریفین دنیا کے تمام مسلمانوں کیلئے قابل احترام ہے اور وہ کسی صورت میں اس کے احترام میں کمی نہ ہونے دیں گے۔ سعودی عرب میں خدمات سر انجام دینے والے پاکستانیوں کے جدہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہدایت و رہنمائی کا پیغام سرزمین عرب سے تمام دنیا تک پہنچا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی سعود ی عرب سے محبت رکھتے ہیں اور سعودی عرب کی حکومت اور عوام نے بھی ہر نازک موقع پر پاکستانی عوام کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانیوں کو چاہئے کہ وہ سعودی عرب میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں تاکہ پاکستان اور سعودی عرب اسلام کی سربلندی اور امت میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنے میں کامیاب کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ امت کو جو مسائل درپیش ہیں اس میں تمام مسلمان حکومتوں اور اداروں کو فعال کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ڈاکٹرز، انجینئرز، تاجراور محنت کش سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں فعال کردا ر کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی محمد اصغر اور جماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ عبدالغفار عزیز بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :