کراچی، اسٹریٹ کرائم پر قابو پایا جائے، اے پی پی کراچی کے بیورو چیف سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کر کے ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے

سیکریٹری جنرل پی ایف یو جے جی ایم جمالی اور صدر کے یو جے حسن عباس کا آئی جی سندھ سے مطالبہ

منگل 21 مارچ 2017 22:21

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جی) کے سیکریٹری جنرل جی ایم جمالی نے شہر میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اسٹریٹ کرائم پر قابو پایا جائے۔ منگل کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اسٹریٹ کرائم کا شکار ہونے والے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کراچی کے بیورو چیف پرویز اسلم سے چھینی ہوئی رقم مبلغ 3 لاکھ 50 ہزار روپے فوری طور پر برآمد کی جائے اور واقعہ میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

جی ایم جمالی نے کہا کہ اگر فوری طور پر رقم برآمد نہ کی گئی اور ملزمان کو سزا نہ دی گئی تو پی ایف ایو جے اس حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

(جاری ہے)

مزید برآں کراچی یونین آف جرنلسٹ کے صدر حسن عباس، جنرل سیکریٹری واجد رضا اصفہانی ، ایگزیکٹو کونسل کے اراکین نے بھی متعلقہ پولیس حکام اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اے پی پی کراچی کے بیورو چیف سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کی جائے اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

یاد رہے کہ شاہ فیصل کالونی تھانے کی حدود میں قومی خبر رساں ایجنسی اے پی پی کراچی کے بیورو چیف پرویز اسلم سے مسلح افراد منگل کی دوپہر تقریباً ایک بجے 3 لاکھ 50 ہزار روپے چھین کر فرار ہو گئے وہ یہ رقم بینک سے لے کر گھر آ رہے تھے، واردات کے بعد پولیس تاحال کوئی پیش رفت نہیں کرسکی۔

متعلقہ عنوان :