پنجاب یونیورسٹی میں پشتون طلباء پر حملہ اور تشدد قابل مذمت ہے ،پنجاب حکومت کو غنڈہ گردی کو لگام دینے کیلئے ایکشن لینا ہوگا،جعفر مندوخیل

منگل 21 مارچ 2017 22:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء) مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے صدر اور صوبائی وزیر ریونیو اور ٹرانسپورٹ شیخ جعفر خان مندوخیل نے لاہور میں پنجاب یونیورسٹی میں پشتون طلباء پر حملے اورتشدد کے واقعے کی پروزر الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پرتشدد کارروائی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایک مذہبی طلبہ تنظیم کی جانب سے پنجاب یونیوسٹی میں تواتر کے ساتھ ایسے حملے ہورہے ہیں جوکہ ہمارے لئے اب ناقابل برداشت ہوچکے ہیں اور سراسر غنڈہ گردی ہے جس کو لگام دینے کیلئے حکومت پنجاب کو فوری ایکشن لینا ہوگا اور حکومت پنجاب پشتون طلباء کو تحفظ فراہم کرے اور گزشتہ روز کے واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں قرار واقعی سزا دلائے ۔

(جاری ہے)

جعفر مندوخیل نے کہا کہ پشتون طلباء اپنا کلچرل پروگرام منانے کا قانونی اخلاقی اورسیاسی حق رکھتے تھے مگر پشتون طلبہ پر تواتر سے حملے کرنے کے عادی عناصر نے اس بار بھی انہیں نہیں بخشا اور نہ صرف حملہ کرکے غنڈہ گردی کی بلکہ یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں انکا راج چلتا ہے جوکہ انتہائی قابل مذمت ہے اور ہم اس تنظیم کی سیاسی جماعت کی قیادت سے کہتے ہیں کہ وہ اپنی طلبہ تنظیم کو سنبھالیں اس سے نفرتیں بڑھیں گی اور حکومت پنجاب بھی اس واقعے اور سابقہ واقعات کا نوٹس لے اور اس مسئلے کا حل نکالے۔