پاکستان کا شمار دنیا کے سب سے زیادہ عطیات دینے والے 5 ممالک میں ہوتا ہے۔عاطف خان

منگل 21 مارچ 2017 22:01

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) خیبر پختونخواکے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام دل کھول کر زکواة، صدقات اور عطیات دیتے ہیں اور ایک سروے کے مطابق پاکستانی ہر سال ساڑھے 5سو ارب روپے سے زیادہ کے عطیات چیریٹی میں دیتے ہیں پاکستان کا شمار دنیا کے سب سے زیادہ عطیات دینے والے 5 ممالک میں ہوتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پشاور میں وزارت اطلاعات و نشریات حکومت پاکستان کے زیر اہتمام " حق ،حقدار تک" پروگرام سے متعلق بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے دوسروں کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل پی آئی ڈی عبدالمجید نیازی ، حق ، حقدار تک پروگرام کے سربراہ خرم شہزاد ، مولانا حسین احمد مدنی ، احتشام حنیف اور خرم ادریس نے بھی خطاب کیا اور موضوع کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے اس سلسلے میں نچلی سطح پر آگاہی مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا ۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے حق، حقدار تک پروگرام شروع کرنے پر وزارت اطلاعات و نشریات کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ صدقات اور عطیات کا صحیح استعمال انتہائی سنجیدہ مسئلہ ہے کیونکہ ملک میں حالیہ دہشت گردی کا گھمبیر مسئلہ حل کرنے کیلئے اس کے فناسرز کو روکنا ہوگا۔انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اپنے عطیات کا استعمال سوچ سمجھ کر کریں تا کہ یہ غلط ہاتھوں میں جانے کی بجائے حقدار کو ملے۔

کیونکہ یہی رقم غلط ہاتھوں میں جانے سے کسی کی خوشیاں چھن بھی سکتی ہیں۔ عاطف خان نے کہا کہ عوام جس کو بھی جو پیسہ دیں اس کے بارے میں معلوم ہونا چاہئے اور اگر کوئی اس سلسلے میں احتساب کیلئے تیار نہیں تو اسے پیسہ ہر گز نہ دیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہر ادارہ اپنا اکاونٹ اوپن رکھے اور اپنا مکمل حساب ویب سائٹ پر ڈال کر ایسا نہیں کر سکتا تو ایسے اداروں پر پابندی ہونی چاہییے ۔

انہوں نے مذکورہ پروگرام کے حکام سے کہا کہ اس نیک کام کیلئے سوشل میڈیا کا بھر پور استعمال کریں اور آگاہی مہم کیلئے ایس ایم ایس پروگرام سے بھر پور استفادہ کیا جائے ۔ وزیر موصوف نے اس موقع پر موجودہ دہشت گردی کے شکار تعلیم جاری رکھنے کی حواہشمند معذور بچے محمد افتخار کے تمام تعلیمی اخراجات سرکاری طور پر ادا کرنیکا اعلان بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :