ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں۔عنایت الله

منگل 21 مارچ 2017 22:01

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات ودیہی ترقی عنایت اللہ نے متعلقہ حکام سے کہاہے کہ صوبے میں محکمہ بلدیات کی زیر نگرانی منصوبوں کو بہتر معیار کے ساتھ بروقت مکمل کیا جائے اور درپیش رکاوٹوں کو ان کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ ترقیاتی عمل تاخیر کا شکارنہ ہو اور عوام کے مسائل کم ہو سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ بینک مشن کے ضلعی پبلک انوسٹمنٹ منیجمنٹ (PIM ) منصوبے کے حوالے سے پشاور میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل بلدیات عامر لطیف ،سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ حضر حیات اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ورلڈ بینک کی طرف سے پیش کردہ پبلک انوسٹمنٹ منیجمنٹ (PIM)کی تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میںمحکمہ بلدیات کی طرف سے اہم تجاویز پر غور و خوض بھی ہوا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل بلدیات نے تجاویز اور محکمہ بلدیات کی طرف سے کی گئی اہم ترامیم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔واضح رہے کہ یہ منصوبہ سب سے پہلے تجرباتی طورپر ضلع مانسہرہ میں شروع کیا جائے گا جس کے نتیجے میں ضلعی سطح پر ترقیاتی منصوبہ بندی اور تعمیر و ترقی میں مزید بہتری آئے گی۔سینئر وزیر عنایت الله نے کہا کہ محکمہ بلدیات ایک بڑا اہم اور فعال محکمہ ہے اسے اپنی خدمات نچلی سطح پر لوگوں تک بہتر انداز میں فراہم کرنی چاہیے تاکہ عوام کے بنیادی مسائل حل ہو سکیں۔