آفتاب شیرپائوکی طرف سے پاک افغان بارڈر کھولنے کا خیر مقدم

منگل 21 مارچ 2017 22:01

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے پاک افغان بارڈر کھولنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی او ردونوں طرف سے کاروبار کو فروغ ملے گا۔اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ بارڈر کی بندش دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پائیدار حل نہیں ہے بلکہ اس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے اوربد گمانیاں پیدا ہوتی ہیں تاہم سرحد کو دوبارہ کھولنا خوش آئند ہے اور اس عمل کوآگے بڑھانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ تعلقات کی بہتری کیلئے مرحلہ وار اقدامات اٹھائے جائیں اور تمام مسائل باہمی طور پر بات چیت کے ذریعے حل کئے جائیں۔انھوں نے کہا کہ عوام،حکومتوں اور اسٹبلشمنٹ کی سطح پر غلط فہمیوں کو دور کرکے اعتماد کی فضا قائم کی جائے ۔انھوں نے کہا کہ بارڈر کھولنے سے تنائو میں خاطر خواہ کمی آئے گی اور اس سے حالات کو معمول پر لانے کا سنہری موقع ملا ہے جس کو ضائع نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے لندن میں پاک افغان مزاکرات کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ دونوں ممالک آپس میں مل بیٹھ کر تمام امور خوش اسلوبی سے طے کرے۔