پیراپلیجک سنٹر حیات آباد میں سپورٹس گا لہ کا انعقاد

منگل 21 مارچ 2017 22:01

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) پیراپلیجک سنٹر حیات آباد میں سپورٹس گا لہ کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے۔ سپورٹس گالہ ایک ہفتے تک جاری رہا اور ہسپتال میں داخل وہیل چیئرز استعمال کر نے والے افراد، مریضوں کے تیمارداران اور ادارے کے تمام سٹاف ممبران نے ان مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

سپورٹس گالہ کے دوران کرکٹ ،والی بال ، باسکٹ بال ، بیڈ منٹن ، ٹیبل ٹینس، نشانہ بازی ، رسہ کشی ، وہیل چئیر ریس،کبڈی اور کیرم بورڈ کے مقابلے ہوئے۔ سپورٹس گالہ کے اختتام پر ان مقابلوں میں جیتنے والی ٹیموںمیں انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیرا پلیجک سنٹر کے چیف ایگزیکٹو سیّد محمد الیاس نے کہا کہ سنٹر میں سپورٹس گالہ کے انعقاد کا مقصد ہسپتال میں داخل مریضوں، ان کے تیمارداران اور سٹاف ممبرز کو ذہنی و جسمانی تفریح کا موقع فراہم کرنا، ان سب کو آپس میں ایک دوسرے کے قریب لانا اور سنٹر میں صحت مندانہ اور دوستانہ ماحول کو فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اس طرح کے مقابلے ہر سال مارچ اور اکتوبر میں ہوا کریں گے اور ان مقابلوں میں بتدریج شعبہ طب سے وابستہ دیگر اداروں کو بھی حصہ لینے کی دعوت دی جائے گی۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پیرا پلیجک سنٹر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس قسم کے سپورٹس گالہ کا انعقاد کیا گیا ہے جسے کافی سراہا گیا۔