فاٹااصلاحات فوری نافذ کرکے این ایف سی ایوارڈمیں چھ فیصدحصہ دیاجائے، لیاقت بلوچ

منگل 21 مارچ 2017 22:01

باجوڑایجنسی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) جماعت اسلامی کے مرکزی جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ فاٹا کا خیبر پختون خوا میں انضمام وقت کا تقاضاہے، حکومت فاٹا اصلاحات کو فوری طور پر نافذ کرکے فاٹا کو این ایف سی ایوارڈ میں چھ فیصد حصہ دیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو تحصیل خار کے علاقہ نویکلی میں جماعت اسلامی باجوڑ کے زیر انتظام منعقدہ ایجنسی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کیاہے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں ہے فاٹا آئینی لحاظ سے ملک کا حصہ ہے اور یہاں کے لوگوں نے ملک کے دفاع اور سالمیت کے لیے جو قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھی جائیں گی ، اب وقت آگیاہے کہ قبائلی علاقوں کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے اور حکومت نے جن اصلاحات کا اعلان کیاہے ان کو فوری طور پر نفاذ کیا جائے تاکہ عوام کے محرومیوں اور مشکلات کا خاتمہ ہوسکیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فاٹا کو این ایف سی ایوارڈ میں چھ فیصد تک حصہ دیا جائے اور قبائلی علاقوں کو سی پیک میں شامل کیا جائے تاکہ فاٹا کے عوام کے ستر سال سے جاری محرومیوں اور مشکلات کا ازالہ ہوسکیں۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ قبائلی عوام کے ترقی اور انہیں ملک کے دیگر علاقوں کے شہریوں جیسے سہولیات اور حقوق دینے کیلئے اواز اٹھائے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر قائم ہوا ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان کے قیام کے ستر سال گزرنے کے بعد بھی ملک میں نہ تو اسلامی نظام نافذہوا اور نہ ہی ملک میں ائین پر عمل کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک بہت سی مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں اور ان تمام مشکلات اور مسائل کا واحد حل اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔

متعلقہ عنوان :