دیامیر، محکمہ صحت نے ضلع بھر میں ہنگامی بنیادوں پر تین روزہ انسداد پو لیو مہم کا آغاز کر دیا

منگل 21 مارچ 2017 22:01

دیامیر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) دیامیر میں گزشتہ دنوں پو لیو کیس سامنے آنے پر محکمہ صحت نے ضلع بھر میں ہنگامی بنیادوں پر تین روزہ انسداد پو لیو مہم کا آغاز کر دیا ۔ پو لیو مہم کے دوران ضلع بھر میں46ہزار سے زائد بچوں کو پو لیو کے قطر ے پلائے جائیں گے ۔ ڈی ایچ او دیامر آفس میں ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار ملک نے بچے کو قطرے پلاکر سہ روزہ انسداد پو لیو مہم کا آغاز کیا ۔

اس موقع پر خطیب جامع مسجد چلاس مو لانا محمد ایاز صدیقی ، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندے اور دیگر سرکاری محکموں کے سربراہان شریک تھے ۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مبین نے کہا کہ تین روزہ پو لیو مہم کے دوران ضلع بھر میں 46ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے ، اس سلسلے میں 148 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

38 ایریا انچارج اور 12 زونل سپروائزر مقرر کئے گئے ہیں ۔

ضلعی انتظامیہ اور WHO پو لیو مہم کی نگرانی کریں گی ۔ ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار ملک اور مولانا ایاز صدیقی نے کہا کہ عوام پو لیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پو لیو کے قطرے لازمی پلائیں ۔ پو لیو سے پاک پاکستان ہمارا مشن ہے جس کیلئے تمام کو ششیں بروئے کار لائی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ پولیو مہم میں شریک ٹیمیں اس بات کو یقینی بنائیں کہ ضلع بھر میں کو ئی بچہ پو لیو کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے ۔