پا ک افغان بارڈر طورخم 32دن بعد ہر قسم کی آمد ورفت کیلئے کھول دیا گیا

منگل 21 مارچ 2017 22:01

لنڈیکوتل۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) پاک افغان بارڈر طورخم 32دنوں کے بعد ہر قسم کی آمد ورفت کیلئے کھول دیا گیا ہے بارڈر کھلنے کے بعد پاسپورٹ اورویزہ پر ہزاروں افغانی شہری پاکستان داخل ہو گئے ہیں جبکہ سینکڑوں لوگ پاکستان سے افغانستا ن چلے گئے ہیں جن کے پاس قانونی سفری دستاویزات تھیںجبکہ پاکستانی ڈرائیواروں اور کنڈکٹرز کو بغیر پاسپورٹ اور ویزہ افغانستا ن جانے کی اجازت نہیں دی گئی جسکی وجہ سے سینکڑوں مال بردار گاڑیاں طورخم میں کھڑی ہیں جن کو تاد م تحریر جانے کی اجازت نہیں دی جا سکی۔

(جاری ہے)

سرکاری ذرائع کے مطابق بارڈر پر لوگوں کے ہجوم کی وجہ سے ٹرالرز دونوں طرف سے پھنس گئے ہیں۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق راہدری کارڈ تیس اپریل کے بعد ناقابل قبول ہونگے اور نئے راہدری کارڈز بنانا فی لحال بند کر د یا گیا ہے ۔گز شتہ روز وزیراعظم محمد نواز شریف نے بارڈر کھولنے کے احکامات جا ری کئے جس کے بعد دونوں اطراف سے ہزاروں لوگ بارڈر پر جمع ہوگئے، بارڈر پر سخت چیکنگ کا نظام بنا دیا گیا ہے اور سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ لنڈی کوتل مچنی چیک پوسٹ سے طورخم تک لیو ی اور خاصہ دار فورس کے اہلکارجگہ جگہ کھڑے نظر آئے اور مسافر گاڑیوں کی بھی سخت تلاشی اور چیکنگ کی گئی۔