ْڈپٹی کمشنردیامیرکی ہدایت پر محکمہ تعمیرات عامہ آفس پر چھاپہ،غیرحاضرملازمین کو شوکازنوٹس

منگل 21 مارچ 2017 22:01

دیامیر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) ڈپٹی کمشنر دیامر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر چلاس ظہور مری اور میونسپل مجسٹریٹ شیخ فرید نے لیویز دورس کے ہمراہ محکمہ تعمیرات عامہ آفس پر چھاپہ مار کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔ غیر حاضر ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری ۔ عوامی شکایات پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کارروائی عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

چھاپے کے دوران ملازمین کی اکثریت آفس سے غائب تھی جبکہ کئی دفاتر کو تالے لگے ہو ئے تھے۔ ڈپٹی کمشنر دیامر نے کہا کہ ڈیو ٹی میں غفلت بر تنے والے ملازمین کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی واضح ہدایات ہیں کہ سرکاری ملازمین کی حاضری یقینی بنائی جائے اور غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے سربراہان کی بغیر اجازت کے ضلع سے باہر جانے پر پابندی لگادی ہے۔ آئندہ روزانہ کی بنیاد پر دیامر کے مختلف دفاتر میں کام کر نے والے ملازمین کی حاضری چیک کی جائے ۔