شامی روڈکے رہائشیوں کی علاقے میں کئی منزلہ پلازہ کی تعمیر کے مجوزہ منصوبے کی مخالفت

منگل 21 مارچ 2017 22:01

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) پشاورکے پوش علاقے شامی روڈکے رہائشیوں نے کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کے کئی منزلہ پلازہ کی تعمیر کے مجوزہ منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے درخواست کی ہے کہ رہائشی علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کا نوٹس لیا جائے۔ منگل کے روز جاری ہونے والے بیان کے مطابق شامی روڈ کے مکینوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے حکام علاقے میں کئی منزلہ پلازہ کی تعمیرکی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جوکہ رہائشی سوسائٹیز کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بورڈ حکام پہلے سے موجودتجارتی مرکز کے ساتھ گرین بیلٹ کو بھی اس مقصد کیلئے استعمال میں لاناچاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ علاقے کے مکینوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے پانچ دکانیں تجارتی مرکز میں موجودتھیں جنہیں بورڈحکام نے مسمار کردیاہے اور دکانوں کی زمین کے ساتھ ساتھ گرین بیلٹ پر پلازہ تعمیرکرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ علاقہ ریڈزون میں شامل ہے اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافے سے سکیورٹی کے حوالے سے مکینوں کی مشکلات بڑھیں گی۔انہوں نے کہاکہ کئی منزلہ بلدنگ کی تعمیرسے آلودگی میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے اس منصوبے کانوٹس لینے کا مطالبہ کیاانہوں نے کہاکہ بورڈایک طرف تو مذکورہ بلڈنگ کی تعمیر سے تجارتی سرگرمیوں کو بڑھارہاہے جبکہ دوسری طرف ان کو اپنے مکانات تجارتی سرگرمیوں کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے رہا۔ انہوں نے کہاکہ اگر مذکورہ منصوبے کانوٹس نہیں لیاگیاتو وہ اس حوالے سے عدالت سے رجوع کرینگے۔