بنوں بلدیاتی حکومت کی جانب سے خاکروب بھرتی اشتہار میں مذہب کے خانے میں شیعہ مسلمانوں کو دیگر مذاہب کے ساتھ تحریر کردیا گیا

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا شدید غم وغصہ کا اظہار ، ملوث افراد کیخلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کردیا

منگل 21 مارچ 2017 23:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کی رابطہ کمیٹی نے بنوں کی بلدیاتی حکومت کی جانب سے خاکروب بھرتی کرنے کیلئے جاری کئے جانے والے اشتہار میں مذہب کے خانے میں ’’شیعہ ‘‘مسلمانوں کو دیگر مذاہب کے ہمراہ تحریر کئے جانے پر شدید غم و غصہ کا ااظہار کرتے اس گھنائونے عمل میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے کہاکہ اس انتہائی نامناسب اشتہار سے کروڑوں شیعہ مسلمانوں سمیت پاکستان بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے اس لئے اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین تادیبی کارروائی کی جائے اور خیبرپختونخوا کی حکومت اور بنوں کی بلدیاتی حکومت بھی اس امر کو یقینی بنائیںکہ آئندہ اس قسم کا غیر ذمہ دارانہ فعل نہ دہرایاجائے ۔ رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے کہاکہ ایم کیوایم کے ارکان قومی اسمبلی نے بھی اس انتہائی افسوسناک واقعہ کے خلاف قومی اسمبلی میں قرار داد جمع کروادی ہے ۔