وزیراعلیٰ سے پنجاب حکومت کو بینائی سے محروم افراد کیلئے قرنیہ عطیہ کرنے والے سری لنکن وفد کی ملاقات

آنکھوں کی روشنی سے محروم افراد کیلئے قرنیہ کا تحفہ ایک انمول نعمت ، دکھی انسانیت کی بڑی خدمت ہی:شہبازشریف اللہ تعالیٰ نے خوبصورت دنیا کو دیکھنے کیلئے آنکھیں عطا کی ہیں، قرنیہ سے بینائی پانے والوں کو مبارکباد دیتا ہوں قرنیہ عطیہ کرنے والوں نے انسانیت کی خدمت کی ہے اور ان کا جذبہ قابل تعریف ہی: وزیراعلیٰ ْبینائی پانے والے 4 افراد محمد ارسلان، ناصر علی، عبدالحمیداور وسیم نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی سری لنکا کے وفدکا بینائی سے محروم افراد کیلئے مزید 10 قرنیہ عطیہ دینے کا اعلان

منگل 21 مارچ 2017 23:13

وزیراعلیٰ سے پنجاب حکومت کو بینائی سے محروم افراد کیلئے قرنیہ عطیہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے کل یہاں پنجاب حکومت کو بینائی سے محروم افراد کیلئے 10 قرنیہ عطیہ کرنے والے سری لنکا کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں صدر سری لنکا پاکستان فرینڈشپ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ایسوسی ایشن افتخار عزیز ،صدر پاکستان سری لنکا فرینڈشپ اینڈ انویسٹمنٹ سردار رئیس منیر احمد، سیکرٹری پاکستان سری لنکا فرینڈشپ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ رئیس نبیل اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔

قرنیہ کے عطیات حاصل کر کے بینائی پانے والے 4 افرادساہیوال کے محمد ارسلان،شیخو پورہ کے ناصر علی،رحیم یار خان کے عبدالحمیداورسیالکوٹ کے وسیم نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔قرنیہ لگانے والے میو ہسپتال کے ڈاکٹرز اسماء رفیق ،طاہرغفاراوروقاص زمان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سری لنکا کے وفد نے بینائی سے محروم افراد کیلئے مزید 10 قرنیہ عطیہ دینے کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے بینائی سے محروم افراد کیلئے قرنیہ کا عطیہ دینے پر سری لنکا کے وفد کے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آنکھوں کی روشنی سے محروم افراد کیلئے قرنیہ کا تحفہ ایک نعمت ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے قرنیہ کا عطیہ ایک غیرمعمولی اور قابل تحسین اقدام ہے۔بلاشبہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اسی جذبے سے کام کرنا ہوگا اورہمیں ملکردکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنی ہے اوران کا ہاتھ تھامنا ہے۔

انہوںنے کہا کہ قرنیہ کایہ غیر معمولی تحفہ بینائی سے محروم افراد کیلئے خوشی اورمسرت کا پیغام لے کر آیا ہے اوراب وہ اس دنیا کی خوبصورتی اوراپنے پیاروں کو کسی کی دی ہوئی آنکھ سے اپنی نظر سے دیکھ سکتے ہیں۔بلاشبہ یہ بہت نیک کام ہے جس کا اجردنیا اورآخرت دونوں میں ملے گااوربینائی حاصل کرنیوالے افرادیہ کارِ خیرمیں حصہ لینے والوں کو دعائیں دیں گے۔

یقینا آج بینائی حاصل کرنیوالے افراد کے اندھیرے دورہوچکے ہیںوہ اس عظیم عطیہ کی بدولت دنیا کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں ۔جن لوگوں نے اپنے قرنیہ عطیہ کیے ہیں وہ بلاشبہ وہ ان لوگوں کی زندگیوں میں خوشیاں دے گئے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے بینائی حاصل کرنے والے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو بینائی کی بحالی پر مبارکباد دیتا ہوں اوریقینا یہ ناصرف آپ بلکہ آپ کے خاندان کیلئے مسرت کے لمحات ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے کسی کو سبب بنا کر آپ کے اندھیروں کو اجالوں میں بدلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے خوبصورت دنیا کو دیکھنے کیلئے آنکھوں کی نعمت عطا کی ہے۔بینائی سے محروم افراد کو اس نعمت کا واپس ملنا بہت خوشی کی بات ہے اوراب یہ لوگ بھی اللہ کی دنیا کو کسی کی عطیہ کی ہوئی آنکھوں کی بدولت دیکھ سکتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کا یہ جذبہ قابل تعریف ہے۔قرنیہ عطیہ کرنے والوں نے انسانیت کی خدمت کی ہے۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اورمتعلقہ حکام اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :