قومی خبر رساں ایجنسی کے بیورو چیف پرویز اسلم سے ڈاکو 3 لاکھ 50ہزار روپے لوٹ کر فرار

منگل 21 مارچ 2017 22:53

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) شاہ فیصل کالونی تھانے کی حدود میں قومی خبر رساں ایجنسی (اے پی پی) کے بیورو چیف پرویز اسلم سے مسلح افراد 3 لاکھ 50 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے، پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام، واردات کے بعد تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ تفصیلات کے مطابق پرویز اسلم شاہ فیصل کالونی میں واقع میزان بینک کی برانچ سے تقریباً 1 بجے دوپہر رقم نکلوا کر اپنی رہشگاہ واپس جا رہے تھے کہ بینک میں پہلے سے موجود دو مسلح افراد نے موٹر سائیکل پر ان کا پیچھا کیا اور گن پوائنٹ پر رقم چھین کر فرار ہوگئے۔

شاہ فیصل کالونی تھانہ کو تحریری درخواست میں پرویز اسلم نے کہا ہے کہ 21 مارچ 2017ء کو میں نے میزان بینک شاہ فیصل کالونی برانچ سے مبلغ 3 لاکھ 50 ہزار روپے کا چیک کیش کروایا اس دوران بینک میں ایک مشکوک شخص بیٹھا ہوا تھا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی کیش کائٹر کے قریب موجود تھا جس کی کیمرہ ریکارڈنگ بینک کے سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی میں بینک سے رقم لے کر گلی میں داخل ہوا تو بینک میں موجود مشکوک شخص اور اس کا ساتھی 125موٹر سائیکل پر میرا پیچھا کرتے ہوئے آئے اور گن پوائنٹ پر 3 لاکھ 50ہزار روپے چھین کر فرار ہو گئے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ یہ واردات بینک کے عملے کی غفلت لاپرواہی اور سیکورٹی کے مجوزہ طریقہ کار پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ہوئی ہے کیونکہ بینک میں مشکوک افراد کی بلاروک ٹوک آمدورفت اور بینک کے اندر سے کیش لے کر جانے والوں کا پیچھا کرکے لوٹنا معمول کی بات ہے۔ پرویز اسلم کی جانب سے تھانے میں جمع کرائی جانے والی درخواست میں کہا گیا ہے کہ مشکوک افراد کی بینک میں موجودگی کی وجہ سے ہوئی ہے لہذا بینک کے عملے کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے اور کیمرہ ریکارڈنگ و دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور رقم برآمد کی جائے۔

اس سلسلے میں جب پرویز اسلم شاہ فیصل تھانے گئے تو وہاں موجود ایک نو جوان نے بتایا کہ گزشتہ روز اس کے ساتھ بھی اسی طرح کی واردات ہوئی جب وہ اسی بینک سے 6 لاکھ روپے کا چیک کیش کرا کے گھر جا رہا تھا مشکوک افراد نے بینک سے اس کا پیچھا کیا اور گن پوائنٹ پر 6لاکھ روپے چھین لئے ۔ اس سلسلے میں جب نمائندہ اے پی پی نے ایس ایچ او تھانہ شاہ فیصل کالونی سے رابطہ کیا تو انہوں نے دونوں وارداتوں سے لاعلمی کا اظہار کیا اور کہا کہ میں میٹنگ میں ہوں لہذا آپ سے بات نہیں کر سکتا۔

پولیس نے ابتک واردات کی ایف آئی آر درج نہیں کی اور نہ ہی ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے کوئی پیش رفت ہوئی ہے۔ صحافی تنظیموں نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے لوٹی ہوئی رقم برآمد کی جائے۔