شہریوں کے تعاون سے ایمرجنسی ریسکیو سروس 1122 کو مزید موثر بنایا جا سکتا ہے،کامران احمد ایڈووکیٹ

منگل 21 مارچ 2017 22:42

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) شہریوں کے تعاون سے ایمرجنسی ریسکیو سروس 1122 کو مزید موثر بنایا جا سکتا ہے، ریسکیو سروس کی رسائی ایبٹ آباد کے ہر علاقہ تک فراہم کرنے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار شہری اتحاد ایبٹ آباد کے صدر کامران احمد ایڈووکیٹ نے شہری اتحاد کے ممبران کو ایمرجنسی ریسکیو سروس 1122 کی طرف سے سروس کی آگاہی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے ریسکیو سروس ایبٹ آباد کے ایمرجنسی آفیسر حفیظ الرحمٰن نے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو سروس سے ایبٹ آباد کا ہر علاقہ اور شہری مستفید ہو سکتا ہے، اس سروس میں جدید ایمبولینس ماہر اور تربیت یافتہ عملہ شہریوں کی ایک کال پر کم سے کم وقت میں پہنچتا ہے، حادثات اور آفات کی صورت میں بھی ریسکیو سروس کا عملہ اور سہولیات 24 گھنٹے خدمات فراہم کرنے کیلئے حاضر رہتا ہے۔

(جاری ہے)

شہری اتحاد کے ممبران عبدالصبور ہاشمی، محمد فرقان خان، شیخ ظہور احمد، معین الدین قریشی ایڈوکیٹ، شہناز الرحمٰن قریشی، ماسٹر محمد اشرف، شمس سلطان، اشعر مسعود اور سردار طلعت نے اپنے خطاب میں صوبائی حکومت کی طرف سے ایبٹ آباد کیلئے ریسکیو سروس کی فراہمی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عام شہریوں کو ریسکیو سروس کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات اور افادیت کے متعلق آگاہی کی اشد ضرورت ہے، ریسکیو سروس کے عملہ کو علاقہ کے سماجی کارکنوں کو ریسکیو سروس کے متعلق آگاہی اور تربیت کے متعلق ضروری اقدامات کرنے چاہئیں۔