عوام کی خدمت پہلے بھی مقصد تھا اور آئندہ بھی اسی جذبہ کے تحت کام کرتے رہیں گی, اعجاز خان درانی

منگل 21 مارچ 2017 22:42

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) سابق صوبائی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعجاز خان درانی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ہر چھوٹے و بڑے اور امیر و غریب سب کی جماعت ہے جو پاکستان کی ترقی چاہتی ہے، شہید بھٹو نے غریب عوام کو جینے کا نیا ڈھنگ سکھایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت پہلے بھی ان کا مقصد حیات رہا ہے اور آئندہ بھی اسی جذبہ کے تحت کام کرتے رہیں گے، مختصر عرصہ میں اپنے علاقہ کے عوام کیلئے تاریخی پراجیکٹ لائے ہیں، مستقبل میں بھی موقع ملا تو اپنے علاقہ کی قسمت بدلنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے، پیپلز پارٹی چاروں صوبوں کی جماعت ہے، باقی جماعتیں کسی خاص صوبہ یا علاقہ اور کلچر کی ترجمان ہو سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

اعجاز خان درانی نے کہا کہ ہری پور کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ آج بھی ہمارا ضلع پسماندگیوں کا شکار ہے، انشاء الله پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے اپنے ضلع کے عوام کی بھرپور خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تین ماہ کی وزارت کوئی وازرت نہیں ہوتی لیکن اگر انسان کے اندر کام کرنے کی لگن ہو اور نیت صاف ہو تو کوئی رکاوٹ اس کا راستہ نہیں روک سکتی، ہری پور یونیورسٹی، آئی سی یو وارڈ کا قیام اس کا واضح ثبوت ہیں، تمام تر رکاوٹوں کے باوجود یہ ناقابل یقین کام کئے کیونکہ وہ اپنے پیارے عوام کو مسائل میں تڑپتا نہیں دیکھ سکتے۔