گورنر سندھ سے قطر کے قونصل جنرل کی ملاقات

منگل 21 مارچ 2017 22:42

گورنر سندھ سے قطر کے قونصل جنرل کی ملاقات
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے قطر کے قونصل جنرل مشال محمد اے اے الانصاری نے گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ کے سماجی شعبہ کی ترقی میں قطرکے مزید تعاون اور دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور قطراسلامی اخوت کے رشتہ میں بندھے ہوئے ہیں،دونوں ملکوں کے مابین قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں، صوبہ میں صحت کے شعبہ میں قطر نے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ میں سیلاب اور دیگر قدرتی آفات میں قطر نے بڑھ چڑھ کر امدادی کام انجام دئیے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سرمایہ کاری کے لئے پرکشش اہمیت کا حامل ہے جہاں سرمایہ کاری کے فوری فوائد یقینی ہیں، سی پیک کے بعد خطہ میں کراچی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے اس ضمن میں قطر کے سرمایہ کار بھی یہاں سرمایہ کاری کرکے اس کی استعداد سے بھرپور فائدہ حاصل کریں، پاک قطر مشترکہ سرمایہ کاری خطہ کے وسیع تر مفاد میں ہے جہاں غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ بیرونی سرمایہ کاری سے ہی ممکن ہے۔ ملاقات میں قطر کے قونصل مشال محمد اے اے الانصاری نے بتایا کہ قطر کے عوام اور حکومت پاکستان کو بہت زیادہ ترجیح دیتے ہیں، صوبہ کی ترقی کے لئے تعاون جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :