ہزارہ یونیورسٹی کے انتظامی و تدریسی شعبو ں کے سربراہان کا اجلاس، امپیکٹ فیکٹر والی پبلی کیشن کیلئے کیش ایوارڈ شروع کرنے کا فیصلہ

منگل 21 مارچ 2017 22:32

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے انتظامی و تدریسی شعبو ں کے سربراہان کا اجلاس منگل کو منعقد ہوا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے اجلاس کی صدارت کی جس میں مختلف امور زیر بحث لائے گئے، سپرنگ سمسٹر 2017ء کے داخلوں کی صورتحال، یونیورسٹی کی نیشنل رینکنگ کیلئے ڈیٹا، سکیورٹی کی صورتحال اور ریگولر کلاسز کا اجراء شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے اس موقع پر کہا کہ یونیورسٹی میں ریسرچ کلچر کو مزید بہتر کرنے کیلئے ہر تعلیمی شعبہ کانفرنسز، سیمینار اور ورکشاپس کے انعقاد کو یقینی بنائیں جبکہ فیکلٹی ممبران کی پبلی کیشنز پر بھی بحث ہوئی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ فیکلٹی ممبران کی کارکردگی اور صلاحیتوں کی بدولت ہزارہ یونیورسٹی میں تعلیم و تحقیق کی سرگرمیوں میں تیزی کے ساتھ وسعت اور تیزی آئی ہے، اس معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امپیکٹ فیکٹر والی پبلی کیشن کرنے والے فیکلٹی ممبران کی حوصلہ افزائی کیلئے کیش ایوارڈ کا سلسلہ بھی شروع کیا جا رہا ہے تاکہ فیکلٹی ممبران میں ایسی سرگرمیوں کیلئے مقابلہ کا رجحان مزید بہتر ہو۔