سیکورٹی فورسز کی قربانیوں ،عوام کے تعاون سے صوبے سے خوف کے آسیب کا خاتمہ کر دیا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

ضرب عضب اور آپریشن رد الفساد سے ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی امن کی صورتحال میں بہتری آئی ، دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنایا جا رہا ہے ،عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ،پرامن ،پڑھے لکھے بلوچستان کا قیام ہمارا عزم ہے، پی ایف یو جے کے نو منتخب عہدیداروں سے گفتگو

منگل 21 مارچ 2017 22:21

سیکورٹی فورسز کی قربانیوں ،عوام کے تعاون سے صوبے سے خوف کے آسیب کا خاتمہ ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ہم نے سیکورٹی فورسز کی قربانیوں اور عوام کے تعاون سے صوبے سے خوف کے آسیب کا خاتمہ کر دیا ہے، ضرب عضب اور آپریشن رد الفساد کی بدولت ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی امن کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنایا جا رہا ہے، عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے اور پرامن اور پڑھے لکھے بلوچستان کا قیام ہمارا عزم ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایف یو جے کے نو منتخب عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے نو منتخب صدر افضل بٹ کی قیادت میں ناشتے کی میز پر ان سے ملاقات کی، صوبائی وزیر عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی مشیر اطلاعات سردار رضا محمد بڑیچ اور رکن صوبائی اسمبلی طاہر محمودبھی اس موقع پر موجود تھے، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں پی ایف یو جے کے انتخابات کے انعقاد اور اس میں ملک بھر سے سینئر صحافیوں کی شرکت کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال کی بہتری پر ذرائع ابلاغ کے اعتماد کا اظہار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیگر صوبوں سے آئے ہوئے صحافیوں کو یہاں کے زمینی حقائق اور اصل صورتحال کے مشاہدے کا موقع ملا ہے جس سے منفی تاثر اور پروپیگنڈہ زائل کرنے میں مدد ملے گی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ یقینا کچھ عرصہ قبل تک صوبے کے حالات خراب تھے یہاں خوف کا عالم تھا مذہبی وفرقہ وارانہ دہشت گردی اور انتہا پسندی عروج پر تھی ،نام و نہاد آزادی کے نام پر بے گناہوں کی ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی تھی، جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو فیصلہ کیا کہ ہم کبوتر کی طرح آنکھیں بند نہیں کریں گے بلکہ ڈٹ کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا جائیگا ،اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمیں اس میں کامیابی ملی اور 95فیصد تک دہشت گردی پر قابو پا لیا گیا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا ہر صورت تحفظ کیا جائیگا اور امن کے قیام کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو کسی طور بھی رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا، وزیراعلیٰ نے میڈیا کے دوستوں پر زور دیا کہ وہ صوبے میں امن و استحکام اور ترقیاتی عمل کو اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ پوری قوم کو اس سے آگاہی حاصل ہو سکے، وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں اطلاعات تک رسائی کا ایکٹ نافذ العمل ہے اور اس کی افادیت کو مزید موثر بنایا جائیگا، انہوں نے کہا کہ عامل صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ انہیں تحفظ کی فراہمی کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے جاری تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی، اس موقع پر پی ایف یو جے کے نو منتخب صدر افضل بٹ اور دیگر عہدیداروں نے بلوچستان میں امن کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں سے بہت اچھا تاثر لے کر جا رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے قیام کے دوران کسی قسم کے ڈر اور خوف کا احساس نہیں ہوا اور انہوں نے اپنے قیام اور یہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی سے بھرپور لطف اٹھایا اور آئندہ بھی پی ایف یو جے اور دیگر صحافتی تنظیموں کی سرگرمیوں کا کوئٹہ میں انعقاد کیا جائیگا تاکہ پورے ملک کو بلوچستان کے حوالے سے ایک مثبت پیغام پہنچ سکے۔

(جاری ہے)

وفد نے وزیراعلیٰ کو یقین دلایا کہ بلوچستان کے مثبت اور حقیقی تاثر کو اجاگر کرنے کے لیے میڈیا اپنا بھرپور کردار ادا کریگا۔ انہوں نے گرمجوش مہمانداری پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :